0
Monday 25 Dec 2017 00:31

روسی فیڈریشن ڈوما کے چیئرمین وچے سلیف ولودین کی وفد کے ہمراہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات

روسی فیڈریشن ڈوما کے چیئرمین وچے سلیف ولودین کی وفد کے ہمراہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں منعقد ہونیوالی پہلی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے ہوئے روسی فیڈریشن ڈوما کے چیئرمین وچے سلیف ولودین نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان ایک مضبوط شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروع میں اہم ثابت ہوگی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان روس کی فیڈریشن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، تجارت اور توانائی کے شعبے سمیت تعاون کے تمام شعبوں میں روس کے ساتھ ایک طویل مدتی اور کثیر جہتی شراکت داری چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کو مزید بڑھانے اور دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ایک مضبوط شراکت داری اس خطے میں امن، استحکام اور علاقائی تعاون کو فروع دینے میں اہم ثابت ہوگی۔ پہلی اسپیکرز کانفرنس پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس ایک موثر پلیٹ فارم ہے جو انسداد دہشت گردی، علاقائی سلامتی اور رابطے کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لیے موثر فلیٹ فارم ہے۔

انھوں نے پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں سب سے بڑی قیمت ادا کی ہے اور ہماری جدوجہد صرف خطے کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے افغانستان میں امن اور استحکام چاہتا ہے اور اس بات پر یقین ہے کہ پڑوسی ملک میں تنازعات کا کوئی فوجی حل نہیں ہے تاہم افغانستان میں انھی کی قیادت میں مسائل کے حل کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر وچے سلیف ولودین نے مہمان نوازی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تجارتی تعلقات تعاون کو بڑھانے اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔ انھوں نے پارلیمانی فورم کے ذریعے پاک-روس تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے کردار کو بھی سراہا۔ روسی وفد کے سربراہ نے پاکستان کے ساتھ طویل مدتی اور مضبوط تعلقات قائم کرنے کے لیے اپنے ملک کی دیرینہ خواہش کا بھی اظہار کیا۔ خیال رہے کہ اسلام آباد میں منعقدہ 6 ملکی پہلی اسپیکرز کانفرنس کے 29 نکاتی اعلامیے میں شریک ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور تعلقات کو بڑھانے کے علاوہ کاروبار و تجارت اور ثقافتی تبادلوں کا بھی عزم ظاہر کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 692267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش