0
Monday 22 Jun 2009 11:58

طالبان اسلام، پاکستان اور معصوم لوگوں کے خلاف جرائم پر اللہ سے معافی مانگیں،رحمان ملک

طالبان اسلام، پاکستان اور معصوم لوگوں کے خلاف جرائم پر اللہ سے معافی مانگیں،رحمان ملک
اسلام آباد: وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ بیت اللہ محسود کے دن گنے جا چکے ہیں، لہٰذا ان سمیت تمام دہشت گردوں کے پاس ابھی وقت ہے کہ وہ ہتھیار ڈال کر اللہ تعالیٰ کے حضور بے گناہ انسانوں کا بے دریغ قتل کرنے جیسے سنگین گناہوں کی معافی مانگیں ،بصورتِ دیگر پاکستانی عوام و فوج انکا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔گزشتہ تیس سال سے ملک کیخلاف سازشیں چل رہی ہیں اور افغان جنگ کے بعد ملک میں کلاشنکوف کلچر میں بے پناہ اضافہ ہوا لیکن اب وقت آگیا ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے۔گزشتہ دس سال سے مختلف جرائم میں ملوث یہ افراد اب بیرونی امداد سے ملک میں اسلام کے نام پر شرپسندی پھیلا رہے ہیں جنہیں اب مزید برداشت نہیں کیا جائیگا۔ پاکستان کے دشمن ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ دہشت گردوں نے چھوٹے بچوں کو ورغلا کر خودکش حملے کرائے۔وہ برسلز اور لندن سے واپسی پر اور سندھ ہاؤس میں شہید قائد محترمہ بینظیر بھٹو کے ایصالِ ثواب کیلئے منعقدہ محفلِ قرآن خوانی میں شرکت اور بعد ازاں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں بی بی شہید کی زندگی پر مبنی تصویری نمائش کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بی بی کی شہادت کے واقعہ کی شفاف انکوائری ہو۔ اقوام متحدہ کی انکوائری ٹیم اگلے مہینے کام شروع کرے گی۔ ہم بی بی محترمہ اور عوام کی خواہش پر اقوام متحدہ سے انکوائری کروا رہے ہیں۔ بینظیر بھٹو کے قتل میں اندرونی اور بیرونی عناصر ملوث ہیں۔ ہم ان لوگوں کو بے نقاب کریں گے جنہوں نے اس قتل کی سازش تیار کی اور سرمایہ فراہم کیا تھا۔ رحمن ملک نے کہا کہ عسکریت پسند پاکستان کو توڑنا چاہتے تھے۔ حکومت، فوج اور عوام نے مل کر ان کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ طالبان اسلام، پاکستان اور معصوم لوگوں کے خلاف جرائم پر اللہ سے معافی مانگیں۔ پاکستان سے جلد عسکریت پسندی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فوج پاکستان کی خاطر بہت قربانیاں دے رہی ہے۔ میں بینظیر بھٹو کی سالگرہ پر بہت غمگین ہوں۔ بی بی کی شہادت سے شہادتوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 7058
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش