0
Wednesday 28 Feb 2018 18:33

اسٹیبلشمنٹ مذہبی جماعتوں کو تقسیم کر رہی ہے، پیر اعجاز ہاشمی

اسٹیبلشمنٹ مذہبی جماعتوں کو تقسیم کر رہی ہے، پیر اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ سول اسٹیبلشمنٹ اور فوجی آمروں نے ہمیشہ سیاسی جماعتوں کو توڑنے کی سازشیں کیں تاکہ جمہوری نظام مضبوط نہ ہو سکے اور وہ سیاہ و سفید کے مالک بنے رہیں، عوامی امنگوں کی ترجمانی کی بجائے افسر شاہی کا راج قائم رہے، اس مقصد کیلئے مقبول نعروں کی آڑ میں قیام پاکستان میں بنیادی کردار ادا کرنیوالی جماعتیں جمعیت علماء پاکستان اور مسلم لیگ کو توڑا گیا تاکہ بیوروکریسی کے چنگل سے نکل کر صحیح جمہوری ریاست کی طرف گامزن نہ ہو سکے۔ لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں اہلسنت کا کردار ہے، جس میں علما و مشائخ، سجادہ نشینوں اور مذہبی جماعتوں نے قائداعظم محمد علی جناح کا ساتھ دیا اور مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن حاصل کیا گیا، اس ملک کیلئے وفاقی پارلیمانی نظام بہترین قرار دیا گیا مگرسیاستدانوں کو کام کرنے دیا گیا اور نہ ہی سیاسی کلچر فروغ پا سکا جبکہ کوشش کی گئی کہ گملوں میں سیاستدان پیدا کئے جائیں، جن کی کوئی عوامی حیثیت نہ ہو اور اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیوں پر وہ مصنوعی قسم کی حکومت کریں، جس کا مقصد عوام کے حقوق کی بجائے، افسر شاہی کو خوش کرنا ہو۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد کے ابتدائی دنوں میں جو کچھ ہوتا رہا ہماری تاریخ کا حصہ ہے، ایوب خان کے ظالمانہ ایبڈو قوانین نے سینیر سیاستدانوں کی سیاست پر پابندی عائد کر دی، ضیاء الحق کی طرف سے نفاذ اسلام کا نعرہ لگایا گیا تو جے یو پی کی قیادت نے اس چال میں آنے کی بجائے آئینی حکومت کا مطالبہ کرتے ہوئے مارشل لا کا حصہ بننے سے انکار کر دیا تو ہماری جماعت ہی کی مجلس شوریٰ کے 15 ارکان فوجی آمر کی مجلس شوریٰ کے رکن بن گئے اور جمعیت علما پاکستان تقسیم ہو گئی لیکن شاہ احمد نورانی کی قیادت میں جے یو پی کسی آمر کے سامنے جھکی ہے اور نہ بکی ہے، ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی، اسی وجہ سے پارلیمنٹ میں جانے کے راستے روکنے کیلئے مختلف ناموں سے تنظیمیں کھڑی کرکے نظام مصطفی کا راستہ روکا گیا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ اب بھی اسٹیبلشمنٹ مذہبی جماعتوں کو تقسیم کر رہی ہے، اور نئے نعرے دیئے جا رہے ہیں تاکہ جمہوری نظام مضبوط نہ ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 708150
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش