0
Saturday 14 Jul 2018 09:41

مسئلہ کشمیر حل ہوکر رہیگا، انجینئر رشید

مسئلہ کشمیر حل ہوکر رہیگا، انجینئر رشید
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر عوامی اتحاد پارٹی کے چیئرمین انجینئر رشید نے کہا کہ یہاں کوئی بھی حکومت بنے لیکن اصل مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسپا کی آڑ میں کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور پی ڈی پی کی صدر اقتدار جانے کے بعد ہی الگ بولیاں بولنے لگ گئی ہیں۔ یوم شہداء کے موقعہ پر سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ اگر کل سید علی گیلانی کو بھی کشمیر کا وزیر اعلٰی یا پھر وزیراعظم بنایا جائے، کشمیری لوگ تب بھی یہی نعرہ دیں گے، ’’سب نعروں پر ایک ہی بھاری، حق ہمارا رائے شماری‘‘۔ میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انجینئر رشید نے محبوبہ مفتی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اگر اُن میں دم ہے تو وہ سیلف رول کا نعرہ بند کر کے رائے شماری کا ساتھ دیں جو مسئلہ کی اصل جڑ ہے اور اگر وہ ایسا کرتی ہیں تو انجینئر رشید کل پی ڈی پی میں شامل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار گیا تو پھر سب کچھ یاد آتا ہے اُن کی وجہ سے باقی لوگوں کی اعتباریت بھی ختم ہو رہی ہے۔ یوم شہداء پر گورنر انتظامیہ کی حاضری کے متعلق پوچھے گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کل چیف سکریٹری نے سکریٹریٹ میں ایک میٹنگ رکھی ہے اگر آج یوم شہداء ہے تو پھر سیکریٹریٹ ک و کھلا رکھنے کی کیا ضرورت ہے۔ شہری ہلاکتوں پر میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا ’’ہم مظلوم ہیں، ہم آہ بھی بھرتے ہیں تو ہو جاتے ہیں بدنام وہ قتل بھی کرتے ہیں تو چرچا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی زمین پر اگر کوئی گندی کتاب اُتاری گئی ہے وہ افسپا ہے، جس کا سہارا لیکر کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور ایک دن ایسا آئے گا جب بھارت کے لوگ خود کہیں گے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرو۔
خبر کا کوڈ : 737607
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش