0
Tuesday 24 Jul 2018 22:44

الیکشن لبرل نظام کو شکست دینے کیلئے فیصلہ کن گھڑی ہے، متحدہ مجلس عمل

الیکشن لبرل نظام کو شکست دینے کیلئے فیصلہ کن گھڑی ہے، متحدہ مجلس عمل
اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس عمل کی مرکزی قیادت نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، جمعیت علمائے پاکستان، مرکزی جمعیت اہلحدیث اور اسلامی تحریک کے کارکنان متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدواروں اور انتخابی نشان ”کتاب“ کی جیت کیلئے دینی جذبہ، عزم اور کامل یکسوئی کیساتھ 25 جولائی کو گھروں سے نکلیں۔ جماعت اسلامی کے دفتر جاری ہونیوالے متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن، نائب صدور سینیٹر سراج الحق، پیر اعجاز ہاشمی، علامہ سید ساجد علی نقوی، پروفیسر ساجد میر اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اپنے مشترکہ بیان میں ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ انتخابی نشان ”کتاب“ کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں۔ متحدہ مجلس عمل پوری قوم سے عہد کرتی ہے کہ نظام مصطفی کے قیام کیلئے دینی جماعتیں متحد رہیں گی۔ انتخابات 2018ء اسلامی نظریہ اور پاکستان کے اسلامی جمہوری کردار کی حفاظت، سیکولر، مادر پدر آزاد اور لبرل نظام کو شکست دینے کیلئے فیصلہ کن گھڑی ہے۔ قائدین کا کہنا تھا کہ عقیدہ ختم نبوت، ناموس رسالت، اسلامی قوانین کی حفاظت اور عوام کو عدل و انصاف کا نظام دینے کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کریں۔ نظام مصطفے ٰ کا قیام آئین پاکستان کے مکمل نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے سیاسی اور ریاستی بحران کے خاتمہ کیلئے سیاست اور ریاست میں بااعتماد باہمی احترام اور باوقار متوازن تعلقات کار پیدا کرے گا، ملک دشمن شکست کھائیں گے اور ملت پاکستان متحد ہو کر اسلامی، جمہوری، خوشحال اور مستحکم پاکستان بنائیں گے۔ ایم ایم اے خواتین، نوجوانوں، طلبہ، اقلیتوں، تاجروں، کسانوں، صنعتکاروں اور سرکاری ملازمین پنشنرز کے حقوق کی حفاظت کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 740063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش