0
Wednesday 19 Sep 2018 15:51

کراچی، 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس رواں دواں، سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

کراچی، 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس رواں دواں، سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں میں آٹھ محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی مقررہ راستوں سے ہوتا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کی جانب رواں دواں ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں 8 محرم الحرام کی مناسبت سے شبیہ علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی و مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اپنے اختتام امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر کی جانب رواں دواں ہے۔ مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوئی، جس سے علامہ کمیل مہدوی نے خطاب کیا اور واقعہ کربلا کے شہداء کی لازوال قربانی اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں نشتر پارک سے جلوس برآمد ہوا، جلوس کی قیادت کے فرائض ابو الحسن اسکاؤٹ نے انجام دیئے، جلوس میں عزاداروں کی کثیر تعداد شریک ہے، جن میں مرد، خواتین و بزرگ اور بچے بھی شامل ہیں۔ شرکاء کیلئے مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے رہنمائی کیمپ اور سبیلیں لگائی گئی ہیں۔

8 محرم الحرام کے جلوس کی گزرگاہ کو محفوظ بنانے کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے تمام انتظامات گزشتہ رات ہی مکمل کرلئے گئے تھے، جلوس کی گزرگاہ کے طرف میں آنے والے راستوں کو بند کرنے کا سلسلہ رات کو شروع ہوا۔ کنٹینر لگا کر ایم اے جناح روڈ اور صدر میں مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر دکانیں سیل، جبکہ ملحقہ سڑکیں بند کر دی گئیں ہیں۔ جلوس کی گزرگاہ پر دکانوں کو پولیس کی نگرانی میں سیل کیا گیا۔ مرکزی جلوس کیلئے 5500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ جلوس کی سیکیورٹی کیلئے رینجرز بھی تعینات ہے۔ کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس کے اختتام تک روڈ بند رہے گا، شہریوں کیلئے متبادل روٹس کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔ جلوس کے راستوں اور اردگرد کے علاقوں میں صبح 7 سے رات تک موبائل فون سروس معطل ہے۔ سندھ بھر میں بھی جلوس کے روٹ والے علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس صبح سات سے رات بارہ بجے تک تین دن کیلئے بند رہیں گے۔ واضح رہے کہ سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی کبیر نے کہا کہ محرم الحرام میں سیکورٹی کے پیش نظر 8 ،9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس کے ساتھ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری بند رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 751028
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش