0
Saturday 22 Sep 2018 22:42

بھارت ہماری دوستی کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، عبدالغفار روپڑی

بھارت ہماری دوستی کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، عبدالغفار روپڑی
اسلام ٹائمز۔ دوستی کی خواہش کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھا جائے، ملکی سالمیت کیخلاف ہونیوالی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ہمیشہ کی طرح ایک دفعہ پھر مذاکراتی عمل سے بھاگنے پر بھارت کا مکارانہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے ہمسایہ ملک کی جانب سے مذاکراتی عمل کو منسوخ کرنے اور بھارتی آرمی چیف کی جانب سے جاری کی گئی گیدڑ بھبھکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پھارت نے ہمیشہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات سے راہِ فرار اختیار کی ہے، بھارت ہمیشہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنیوالے اقدامات کرتا رہا ہے، بھارتی آشیرباد کیساتھ پاکستان میں داخل ہونیوالے دہشتگرد امن دشمنی کا کھلم کھلا ثبوت ہیں، جس میں بھارتی انٹیلی جنس افسر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ایک بڑا ثبوت ہے، جس نے اپنے تمام تر جرائم کا اعتراف بھی کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریشہ دوانیوں اور سازشوں کے باوجود پاکستان کا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے کہ باہمی تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے اپنی کوششیں ترک نہ کرنا پاکستان کے خلوص نیت کا ثبوت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھایا جائے تاکہ خطے میں امن و امان کی فضا کو یقینی بنایا جا سکے اور اربوں لوگ سکھ کا سانس لے سکیں۔
خبر کا کوڈ : 751552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش