0
Saturday 6 Oct 2018 21:21

پی ٹی آئی دوسری ایم کیو ایم بن گئی ہے، عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکیں گے، منظور حسین وسان

پی ٹی آئی دوسری ایم کیو ایم بن گئی ہے، عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکیں گے، منظور حسین وسان
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر نائب صدر منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دوسری ایم کیو ایم بن گئی ہے، جس طرح متحدہ کے ذمہ دار عام آدمی سے الجھتے تھے اب پی ٹی آئی نے بھی اس طرح کی روش اپنائی ہے۔ یہ بات انہوں نے وسان ہاؤس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو اگر گرفتار کرنا ہی تھا تو 14 تاریخ کے بعد کرتے، کیونکہ ضمنی الیکشن ہیں اس سے تاثر خراب ہوگا، عمران خان کو اپنوں نے ایسا الجھایا ہے کہ عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکیں گے۔ منظور وسان نے کہا کہ شہباز شریف کو اس لئے گرفتار کیا گیا ہے کہ ن لیگ ضمنی انتخابات جیت نہ سکے، شہباز شریف کی گرفتاری میاں منشا کے بیان کے برعکس ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ضمنی الیکشن میں اتحاد سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔ منظور وسان نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور اس کی پارٹی کو متحدہ قائد نہیں بننا چاہیئے، آج عمران خان کی حکومت ہے کل کسی اور کی ہوگی پھر عمران خان کہاں چھپیں گے۔ انہوں نے بھینسوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس کی بھینسیں بیچنے کا فائدہ اس لئے نہیں ہوا کے دودھ تو پھر بھی ان کو پیسوں سے باہر سے لینا پڑ رہا ہے، بھنیسوں کی فروخت والی رقم دودھ میں چلی جائے گی فائدہ تو کوئی نہیں ہوا۔

انہوں نے کہاکہ کالا باغ ڈیم پر تین صوبوں کے اعتراضات ہیں باقی باشا ڈیم کی حمایت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے کالا باغ ڈیم پر اس لئے اعتراضات اٹھائے ہیں کہ اس سے نہریں نکالی جائیں گی، بھاشا سے نہیں، سندھ میں بھی ڈیم بنانے کی شدید ضرورت ہے، امید ہے چیف جسٹس صاحب اس کے لئے بھی چندہ جمع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سیاستدانوں کا احتساب نہیں ہوگا احتساب سب کا ہونا ہے، سیاستدانوں کو ٹارگٹ کرنے سے ملک کا امیج خراب ہوگا، ہم چاہتے ہیں احتساب سب کا ہو مگر اس میں انتقامی کاروائیاں شامل نہ ہوں، ہم چاہتے ہیں عمران خان اپنی مدت پوری کریں، شہید بینظیر بھٹو جمہوریت چاہتی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا ہے، گیس کی قیمتیں بڑھانا غریب عام آدمی پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے، وفاقی حکومت کو چاہیئے کہ مہنگائی پر کنٹرول کرے۔
خبر کا کوڈ : 754294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش