0
Thursday 18 Oct 2018 13:53
چیف جسٹس فیصل رضا عابدی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کریں

خاتون زائرہ کی شہادت کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے، علامہ ناصر عباس

پاکستانی شہریوں کو کسی دوسرے صوبے جانے کیلئے کسی این او سی کی کوئی ضرورت نہیں
خاتون زائرہ کی شہادت کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے گذشتہ دنوں پولیس کے ہاتھوں جیکب آباد چیک پوسٹ پر خاتون زائرہ کی شہادت کے المناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور فی الفور ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ پولیس نے دہشتگردی کرتے ہوئے ایک زائرہ خاتون کو شہید کیا ہے، جس کی کہیں مثال نہیں ملتی، دنیا بھر میں زائرین اور عمرہ زائرین کو سہولیات دی جاتی ہیں، لیکن پاکستان میں اس کے بالکل برعکس ہے۔ وزارت مذہبی امور، داخلہ اور خارجہ امور کی وزارت بےحس ہوچکی ہیں، حتیٰ اب زائرین کو ویزے تک نہیں مل رہے۔ ریاست کا کام ماں جیسا ہوتا ہے، جو اپنے بچوں کا خیال رکھتی ہے۔ بلوچستان حکومت زائرین کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ محب وطن فیصل رضا عابدی پر دہشگردی کی دفعات لگا گرفتار کرنا افسوس ناک عمل ہے، چیف جسٹس انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فیصل رضا عابدی کو رہا کرنے کا اعلان کریں، جن لوگوں نے عدالت عظمیٰ کو گالیاں تک دیں، وہ آزاد ہیں اور جس نے قانون پر عمل داری کی بات کی، اسے جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسنگ پرسنز کے مسئلے کو جلد از جلد حل کرے، آئین و قانون کے خلاف کسی کو گرفتار رکھنا ریاستی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ جیک آباد میں خاتون زائرہ کے قتل پر مدعی نے ایف آئی آر کٹوائی اور اب اس پر دباو ڈالا جا رہا ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ جب بھی کوئی قافلہ بلوچستان داخل ہوتا ہے تو اس سے این او سی کے نام پر ہراساں کیا جاتا ہے، پیسے بٹورے جاتے ہیں، پاکستانی شہریوں کو کسی دوسرے صوبے جانے کے لئے کسی این او سی کی کوئی ضرورت نہیں، پرانے قانون کو فی الفور ختم کیا جائے۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے گذشتہ روز پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے اپنائے جانے والے غیر جمہوری رویے کی بھی سخت مذمت کی اور کہا کہ پنجاب میں عزاداری سید الشہدا پر پابندی کو برداشت نہیں کریں گے، عزاداری ہمارا آئینی و قانونی حق ہے اور اس پر کسی قسم کی قدغن قبول نہیں کریں گے، نون لیگ حکومت کی بنائی گئی متعصبانہ پالیسوں کو اگر ترک نہ کیا گیا تو ہم احتجاج کا آئینی و قانونی حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرب صحافی جمال خاشقجی کا ترکی میں لاپتہ ہونا افسوس ناک ہے اور ہماری ہمدردیاں ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 756551
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش