0
Saturday 27 Oct 2018 13:37

قندھار میں پارلیمانی انتخابات کا عمل جاری، باب دوستی سیل کردیا گیا

قندھار میں پارلیمانی انتخابات کا عمل جاری، باب دوستی سیل کردیا گیا
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں ملتوی ہونے والے پارلیمانی انتخابات آج ہو رہے ہیں جس کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولنگ کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور فوج کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ قبل ازیں 20 اکتوبر کو افغانستان کے 34 میں سے 32 صوبوں میں انتخابات ہوئے تھے جب کہ ہلمند اور قندھار میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے سبب الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا۔ قندھار میں ہوئے دہشت گرد حملے میں مقامی پولیس کے جنرل عبدالرزاق محافظ کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ جنرل عبدالرزاق کو اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ امریکی کمانڈر اسکاٹ ملر سے ملاقات کے بعد آفس سے باہر آ رہے تھے۔ حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔ افغان وزیر داخلہ کے مطابق 20 اکتوبر کو دو روز تک جاری رہنے والے انتخابات کے دوران دہشت گردوں نے 250 حملے کئے جن میں 50 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

طالبان نے اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات کے دوران امیدواروں کو نشانہ بنائیں گے اور انتخابی مہم کے دوران ہونے والے حملوں میں 10 امیدوار ہلاک ہوئے تھے۔ طالبان نے عوام کو بھی کہا تھا کہ الیکشن کے دن گھر سے نہ نکلیں۔ دہشت گرد حملوں اور طالبان کی دھمکیوں کے باوجود 20 اکتوبر کو ووٹ ٹرن آؤٹ اچھا رہا اور مختلف پولنگ اسٹیشنز پر لوگوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔ پارلیمانی انتخابات میں 249 نشستوں کے لئے 2500 سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے 70 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ افغانستان میں 2010ء کے بعد پہلی بار پارلیمانی انتخابات ہو رہے ہیں جس کے ابتدائی نتائج نومبر اور حتمی نتائج کا اعلان 2019ء میں متوقع ہے۔ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ آمد و رفت کا مرکزی دروازہ باب دوستی سیل کردیا ہے اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔ باب دوستی افغان الیکشن میں ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے پیش نظر بند کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 758053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش