0
Monday 29 Oct 2018 21:16

مفتی منیب الرحمان نے ملی یکجہتی کونسل کی قومی علماء و مشائخ کونسل میں انضمام کی مخالفت کردی

مفتی منیب الرحمان نے ملی یکجہتی کونسل کی قومی علماء و  مشائخ کونسل میں انضمام کی مخالفت کردی
اسلام ٹائمز۔ مفتی منیب الرحمن نے قومی علماء مشائخ کونسل کے اجلاس میں علماء کی مشترکہ کونسل ’’قومی علما و و مشائخ کونسل‘‘ میں ملی یکجہتی کونسل کے انضمام کی مخالفت کردی۔ وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام قومی علماء و مشائخ کونسل کا اجلاس آج لاہور میں جس کی صدارت وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کی۔ اجلاس سے افتتاحی خطاب میں وفاقی وزیر نے ملی یکجہتی کونسل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ملی یکجہتی کونسل کو قومی علماء و مشائخ کونسل میں ضم کر لیا جائے تو یہ مزید بہتر نتائج دے سکتی ہے۔ جس پر مفتی منیب الرحمان نے وفاقی وزیر کے موقف کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی سطح پر قائم پلیٹ فارم کے سیاسی مقاصد ہوتے ہیں، ایسے پلیٹ فارم کے سیاسی مقاصد کو سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل موثر انداز میں کام کر رہی ہے اور اس نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں مثالی کردار ادا کیا ہے، اس لئے اسے سرکاری سرپرستی سے الگ ہی رکھا جائے تو اس کی افادیت قائم رہے گی۔

دوسری جانب درخت لگانے کے حوالے سے علماء کے کردار پر مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ جنگلات کے شعبے کے ماہرین کی توسط سے درخت لگوائے جائیں، اس میں علماء کو یہ ذمہ داری دینا کچھ عجیب سا ہے، انہوں نے کہا کہ شجر کاری میں صرف درخت ہی نہ لگاتے جائیں بلکہ کہ بھی غور کیا جائے کہ درخت لگانے کون سے ہیں، درختوں کی وہ اقسام نہ لگائی جائیں جو ہمارا سبزہ کھا جائیں، کچھ درخت پانی زیادہ پیتے ہیں، جیسے سفیدہ تو ایسے درخت نہ لگائے جائیں۔ مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ قیام امن کیلئے نفرت اور فساد پھیلانے والوں کیخلاف اگر کوئی قانون ہے تو اس پر سختی سے عملدرآمد بھی ہونا چاہیئے، مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہیئے، مذہبی منافرت کے لیے منبر و محراب کے استعمال کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ غیبی قوتوں کی مداخلت کا سلسلہ بھی اس حوالے سے بند ہونا چاہیئے، مداخلت چاہے اندرونی ہو یا بیرونی، یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہیئے، اس سلسلے کو ختم کئے بغیر ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
خبر کا کوڈ : 758338
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش