0
Sunday 4 Nov 2018 23:35

ریاستی اداروں کی عزت نہ کی گئی تو کچھ بھی نہیں بچے گا، جے یو پی

ریاستی اداروں کی عزت نہ کی گئی تو کچھ بھی نہیں بچے گا، جے یو پی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ انتہاء پسندانہ خارجی اور طالبانی سوچ نے اسلام کو بہت نقصان پہنچایا ہے، فوج اور عدلیہ کیخلاف پراپیگنڈہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیئے، ریاستی اداروں کی عزت نہ کی گئی تو کچھ بھی نہیں بچے گا، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جاتا تو تشدد اور تصادم کی سیاست فروغ نہ پاتی، ہر مسلمان کا ایمان ہے کہ ناموس رسالت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ گستاخ رسول واجب القتل ہے، پاکستان کی افواج کیخلاف بھی کوئی بات نہیں سنی جا سکتی، فوج نے دہشتگردی کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑی ہے، جس کے باعث اب ملک میں سکون نظر آرہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جے یو پی کی تنظیمی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کی ہر طبقہ مذمت کرتا ہے، جن لوگوں نے فوج کو بدنام کیا اور نازیبا الفاظ استعمال کئے، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ فوج کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیئے، ریاستی اداروں کا تقدس نہ رہا تو ملک میں امن و امان کیسے قائم کیا جا سکے گا، افراتفری اور ہیجانی کیفیت ہوگی، کون مسلمان ہے اور کون کافر یہ فیصلہ اللہ تعالیٰ کی ذات اقدس نے کرنا ہے، کلمہ گو اور ختم نبوت پر ایمان رکھنے والے کو (نعوذ بااللہ) قادیانی قرار دینا جرم ہی نہیں، گناہ بھی ہے۔ یہ خارجی اور تکفیری سوچ ہے، جس کے خلاف اکابر علماء اہل سنت نے جدوجہد کی اور پاکستان میں متحارب فرقوں کے درمیان صلح کروائی اور ضابطہ اخلاق تیار کیا گیا۔ ورنہ 1990ءکی دہائی میں جو قتل و غارت گری ہوئی، انہیں یاد ہوگا کہ ملکی حالات کس قدر خراب تھے۔ ہمیں صبر و تحمل کیساتھ کام کرنا ہے۔ آسیہ مسیح کا معاملہ شریعت کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔ نظرثانی کی اپیل درج کرنا احسن اقدام ہے۔ حکومت اس کیلئے اپنا کام بھی کرے اور مقدمے میں جو سقم موجود ہیں، انہیں دور کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 759473
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش