0
Wednesday 1 Jun 2011 22:54

یاسر عباس جان دے کر امر ہو گیا، نشان حیدر دیا جائے، نواز شریف

یاسر عباس جان دے کر امر ہو گیا، نشان حیدر دیا جائے، نواز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ یاسر نے ملک کی سالمیت پر اپنی جان قربان کر دی، قوم کو یاسر عباس جیسے محب وطن سپاہیوں پر فخر ہے، میں یاسر عباس کی والدہ کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے یاسر عباس جیسے سپوت وطن عزیز کو فراہم کئے، پاکستان ہماری دھرتی ہے اس کے حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی نے پاکستان بنایا تھا اور یہ قائد اعظم کی اصلی جماعت ہے، پاکستان کی حفاظت بھی نواز لیگ ہی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کا وقار بلند کیا لیکن افسوس کہ کچھ ناعاقبت اندیشوں نے ایٹمی طاقت پاکستان کو غلام بنا کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک کو ملکی سالمیت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے، حکومت اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے، انہوں نے یاسر عباس شہید کے والد، والدہ سے ملاقات کی اور یاسر عباس کے روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر خواجہ سعد رفیق بھی میاں نوازشریف کے ہمراہ تھے۔
دریں اثناء نواز لیگ کے رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا ہم عوام کو کرپشن اور وعدوں کی پاسداری نہ کرنے والی قیادت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، بیرون ملک پاکستانی یہاں سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں، پاکستان کے اندر سرمایہ کاری کیلئے بہترین فضاء قائم کر کے ہی ہم معاشی خود مختاری کی منزل حاصل کر سکتے ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان کا وقار بہتر بنانے کیلئے کی جانے والی کوششیں قابل قدر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیداران مسلم لیگ (ن) کو پاکستان اور بیرون ملک میں مضبوط کر کے ملک کا مستقبل روشن کرنے میں فعال کردار ادا کریں، مضبوط مسلم لیگ(ن) مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔ یوم تکبیر کے سلسلے میں 28 مئی کو ہونے والے کامیاب جلسے پر اوورسیز پاکستانیوں اور مسلم لیگ(ن) پاکستان بالخصوص لاہور کی تنظیم کو بھرپور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بیرون ملک اور اندرون ملک رہنے والے عوام کی امید پر پورا اترے گی، بیرون ملک رہنے والے ملک کا تاثر بہتر کرنے کے لئے محنت اور دیانتداری کو اپنا شعار بنا لیں، ان کی محنتیں ضرور رنگ لائیں گی۔ حالات سخت اور بحران شدید ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) عوام کو ہرگز مایوس نہیں کریگی۔
نوازشریف نے کہا کہ اگر اللہ نے چاہا اور عوام نے ساتھ دیا تو مسلم لیگ(ن) عوام کو اندھیروں اور معاشی ناہمواریوں سے نجات دلانے میں ضرور کامیاب ہو گی اور عوام کو ایک واضح روڈ میپ کے نتیجے میں مہنگائی اور بے روزگاری جیسے سنگین مسائل سے نجات دلانے میں کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو کرپشن اور وعدوں کی پاسداری نہ کرنے والی قیادت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔
خبر کا کوڈ : 76127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش