0
Saturday 24 Nov 2018 08:31

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی دہشت گردی جاری

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی دہشت گردی جاری
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کے روز ضلع اسلام آباد میں مزید 6 نوجوان شہید کر دیے، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بیج بہاڑہ میں سکی پورہ کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوجیوں نے علاقے میں ایک رہائشی مکان کو بھی تباہ کیا، ضلع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی، سرینگر اور بانیہال کے درمیان چلنے والی ریل سروس بھی معطل ہے۔ نوجوانوں کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی گئی۔ قابض فورسز کے مطابق نوجوانوں کو مقابلے کے دوران شہید کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق قابض فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام نوجوانوں کو تعلق لشکر طیبہ سے تھا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں مزید 6 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت آزاد احمد ملک، انس شفیع بٹ، باسط احمد میر، عاطف نذر، فردوس احمد اور شاہد احمد کے طور پر ہوئی ہے۔ قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں پابندیاں نافذ کر دیں، تاہم شالہ گنڈ، کینل وان، دچھنی پورہ اور کھنہ بل کے علاقوں میں لوگ پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور زبردست مظاہرے کیے۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ انتظامیہ نے لوگوں کو تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کیلئے ضلع اسلام آباد میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی۔ سرینگر اور بانیہال کے درمیان چلنے والی ریل سروس بھی معطل کر دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 762915
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش