0
Friday 14 Dec 2018 18:22

قبائلی اضلاع میں غیرملکی تعاون سے 5 ارب 60 کروڑ روپے کی 21 سکیموں کی منظوری

قبائلی اضلاع میں غیرملکی تعاون سے 5 ارب 60 کروڑ روپے کی 21 سکیموں کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع میں غیرملکی تعاون سے 5 ارب 60 کروڑ روپے لاگت کی 21 سکیموں کی منظوری دیدی۔ 6 ماہ سے تعطل کے شکار ان منصوبوں کی منظوری خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت پراونشل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی۔ حکومت کی جانب سے منظور کردہ سکیموں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی، طبی مراکز کی تعمیر نو، ایریگیشن چینلز کی تعمیر، ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی، پینے کے لئے صاف پانی کی فراہمی، لنک روڈ کی تعمیر، افیون کی کاشت کی حوصلہ شکنی اور جوڈیشل کمپلیکس کی فزیبلٹی اور ڈیزائن شامل ہیں۔ تعلیمی اصلاحات کے تحت 3 پڑاجیکٹس کی منظوری دے دی گئی جن پر کل 606.57 ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ شعبہ صحت میں  307.94 ملین روپے لاگت کے سول ہسپتال مظفر کوٹ کرم کی PC-1 کی اور شعبہ زراعت میں 723.86 ملین روپے کی لاگت سے 12 پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔

مواصلات کے شعبے میں 1632.90 ملین روپے کی لاگت سے 2 پراجیکٹس کی منظوری دی گئی جن میں ضلع خیبر میں باڑہ سے مستک اور ضلع اورکزئی میں غلیجو سے ڈبوری سڑک کی تعمیر نو شامل ہیں۔ علاقائی ترقی کے لئے کل 7 پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔ میٹنگ کے دوران ضلع خیبر میں137.820 ملین روپے کی لاگت سے ری ہیبلٹیشن سنٹر کے قیام کی منظوری بھی دی گئی جہاں دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو تربیت کے ساتھ ساتھ مختلف ہنر سکھائے جائیں گے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ ان پراجیکٹس کو USAID، انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز، ورلڈ فوڈ پروگرام اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے علاوہ فاٹا کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے فنڈنگ کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی سکیموں کے آغاز سے قبائلی عوام اور غیر ملکی ترقیاتی پارٹیز میں پائی جانے والی تشویش کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اجلاس کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ منظور شدہ پراجیکٹس ضم شدہ اضلاع کی معاشرتی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 766665
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش