0
Friday 18 Jan 2019 16:00

قبائلی اضلاع میں عملی طور پر کچھ نہیں ہورہا، گل ظفر خان باغی

قبائلی اضلاع میں عملی طور پر کچھ نہیں ہورہا، گل ظفر خان باغی
اسلام ٹائمز۔ قبائلی ضلع باجوڑ سے منتخب پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان باغی نے اپنی ہی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں میں جاری صورتحال کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے گل ظفر خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں سے ایف سی آر کے خاتمے کے بعد وہاں کوئی قانون نہیں جس کی وجہ سے قبائلی عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت قبائلی علاقوں کے حوالے سے آئے روز نت نئے اعلانات اور بیانات دے رہی ہے لیکن عملی طور پر کچھ نہیں ہورہا جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔ گل ظفر خان باغی نے کہا کہ قبائلی عوام نے ملک کیلئے بڑی قربانیاں دیں لیکن کسی نے بھی انہیں سینے سے نہیں لگایا اور جو بھی حکومت آئی اس نے قبائل کو لاشوں اور نقل مکانی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے عوام ملک کی خاطر سکیورٹی فورسز اور لیویز چیک پوسٹوں پر پہرہ دیتے ہیں۔ حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے گل ظفر خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ہر چیز پر پابندی ہے، موٹر سائیکل پر پابندی ہے جبکہ وہاں انٹرنیٹ کی سہولت بھی نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کے دیگر حصوں کے عوام کی طرح قبائل کو بھی ہر طرح کی آسانیاں اور سہولیات دی جائیں۔ رکن قومی اسمبلی نے قبائلی ضلع باجوڑ میں تعلیمی نظام پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے پرائمری سکولوں میں ایک لاکھ 30 ہزار، مڈل میں 11 ہزار، ہائی سکولوں میں 4 ہزار جبکہ کالج کی سطح پر صرف 800 طلبہ زیرتعلیم ہیں جو نہایت فکرمندی کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کالج کی سطح پر پہنچنے کے بعد 90 فیصد طلبہ تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جس علاقے میں پہلے سے ہی کلاشنکوف کلچر موجود ہو اور وہاں بچے تعلیم سے محروم تو ایسے علاقوں کا کیا بنے گا۔ گل ظفر خان باغی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلی عوام کو سپریم کورٹ میں ملک کے دیگر حصوں کے لوگوں کی طرح انصاف دیا جائے ورنہ صورتحال مزید خراب ہوجائے گی۔ انہوں نے وزیر دفاع پرویز خٹک اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو فاٹا کے مسائل اور جاری صورتحال کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 772766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش