0
Wednesday 23 Jan 2019 14:37

جی بی حکومت نے سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کو بلڈوز کیا، تقی اخونزادہ

جی بی حکومت نے سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کو بلڈوز کیا، تقی اخونزادہ
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف گلگت بلتستان کے سیکرٹری اطلاعات تقی اخونزادہ نے کہا ہے کہ سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کو بلڈوز کرنے میں صوبائی حکومت خصوصاً وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن کا بڑا ہاتھ ہے، اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے تقی اخونزادہ کا کہنا تھا کہ نون لیگ نے سرتاج عزیز سفارشات کو مفلوج بنا کر ایک اور آرڈر جاری کیا اور جی بی کے عوام سے مشاورت کے بغیر ہی مسلط کیا گیا، نون لیگ کی صوبائی حکومت وفاقی حکومت پر سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے تناظر میں تنقید کرنے سے پہلے جی بی کے عوام کو یہ بتائے کہ سرتاج عزیز کمیٹی کی رپورٹ پر عملد درآمد کیوں نہیں کروایا گیا؟ جبکہ سرتاج عزیز کمیٹی کی رپورٹ پر وزیراعلیٰ نے خود دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی حکومت سے جی بی کے حوالے سے بھرپور مشاورت کی اور انہیں اعتماد میں لیا۔

انہوں نے کہا کہ جو فیصلہ آیا ہے وہ سپریم کورٹ کی جانب سے دیا گیا ہے، اس میں وفاقی حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت آزاد عدلیہ پر یقین رکھتی ہے اور سپریم کورٹ سمیت کسی بھی عدالتوں سے من مانے اور جبری فیصلے کروانے کی قائل نہیں ہے، ماضی میں نہ صرف مرضی کے فیصلے کروائے گئے بلکہ بعض مرضی کے فیصلے نہ آنے پر سپریم کورٹ پر حملے بھی کئے جا چکے ہیں۔ ایسے میں لیگی حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت پر تنقید عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت گلگت بلتستان سے مخلص ہے، جس کی واضح مثال تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کردہ رپورٹ ہے، پہلی بار کسی قومی پارٹی نے ملک کی اعلیٰ عدلیہ میں گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے لئے مصمم ارادے کا اظہار کیا ہے، ان شاء اللہ تحریک انصاف کی حکومت ہی جی بی کو مکمل سیاسی، آئینی اور معاشی حقوق دلائے گی۔
خبر کا کوڈ : 773761
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش