0
Thursday 24 Jan 2019 16:33

نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی کیخلاف خیبر میں احتجاج

نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی کیخلاف خیبر میں احتجاج
اسلام ٹائمز۔ قبائلی ضلع خیبر میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی کے خلاف جے یو آئی (ف) نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جمعرات کے روز لنڈی کوتل بازار کے قریب جے یو آئی (ف) کے درجنوں کارکنوں نے کچھ وقت تک پاک افغان شاہراہ کو احتجاجا بند کئے رکھا اور اپنے مطالبے کے حق میں نعرہ بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ قانونی استثنٰی کے باوجود ایف سی عملے نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی لگائی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فرنٹئیرکور حکام ضلع خیبر میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال سے پابندی ہٹائیں۔ یاد رہے کہ قبائلی ضلع خیبر کی انتظامیہ نے رواں ماہ کی 13 تاریخ کو ایک اعلامیہ جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑی 5 سال تک کے لئے تمام قبائلی اضلاع میں نقل و حمل کی اجازت مالکان کو دے دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بھی ضلع میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے مالکان آئندہ 5 سال تک تمام قبائلی اضلاع میں بلا کسی روک ٹوک کے نان کسٹم پیڈ گاڑی چلا سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ اعلامیہ فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کے فیصلے کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو قبائلی اضلاع کے علاوہ ملک کے کسی دوسرے حصے میں چلانے کی اجازت نہیں ہوگی اور یہ گاڑیاں صرف ضلع خیبر سے طے شدہ علاقوں میں ہی استعمال کی جاسکیں گی۔
 
خبر کا کوڈ : 774012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش