0
Tuesday 5 Feb 2019 01:35

ملک بھر میں آج ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ بھرپور طریقے سے منایا جائیگا

ملک بھر میں آج ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ بھرپور طریقے سے منایا جائیگا
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے  منایا جائے گا جبکہ اس موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں، جلسے اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں سے جاری حق خودارادیت کی تحریک کچلنے کی تمام بھارتی کوششیں ناکام رہیں، ہزاروں کشمیری شہید ہو چکے ہیں، دہائیوں سے یہی داستان ہے مقبوضہ وادی کی جہاں ہر دن کا آغاز ایک نئی امید اور اختتام کسی نہ کسی گھر میں بچھی صف ماتم پر ہوتا ہے۔ بات کریں اعداد و شمار کی تو کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 1989ء سے لے کر اب تک بھارتی فوج نے ظلم وستم کی تمام حدیں عبور کرتے ہوئے 95 ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کردیا۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بدترین عملی مظاہرہ دیکھنا ہو تو مقبوضہ کشمیر پر ایک نظر ڈال لیجئے جہاں دوران حراست شہید کئے گئے کشمیریوں کی تعداد 7ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ایک لاکھ 45 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا جن کا قصور صرف آزادی کا مطالبہ تھا۔

مقبوضہ وادی کو بھارت کے غیرقانونی قبضے سے چھڑوانے کی جدوجہد میں تقریباً 23 ہزار کشمیری خواتین بیوہ ہوگئیں، 11ہزار کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد بچے یتیم ہوگئے۔ 2018ء وادی میں بھارتی مظالم کی شدت کے لحاظ سے گزشتہ 10 سال میں بدترین سال رہا، بھارتی افواج نے نام نہاد سرچ آپریشنز سمیت مختلف واقعات میں 375 کشمیریوں کو شہید کردیا۔ ایک طرف غیر انسانی ظلم و جبر تو دوسری طرف بھارتی سرکار کی ہٹ دھرمی اور بےحسی اس کے لئے باعث ذلت بن گئی ہے، اتوار کو بھارتی وزیراعظم مودی کشمیر کے دورے پر آئے تو کشمیریوں نے پہیہ جام ہڑتال سے ان کا استقبال کیا لیکن بجائے ندامت کے مودی سری نگر کی جھیل کی سیر کو نکلے اور کیمروں کو دیکھ کر ہاتھ ہلاتے رہے۔

دوسری طرف حکومت اور پاکستان کی غیور عوام بھارتی مظالم کے خلاف ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی یہی وجہ ہےکہ مقبوضہ وادی میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جاتے ہیں اور ہر روز وہاں سبز ہلالی پرچم لہرائے جاتے ہیں۔ پاکستان میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے اس حوالے سے آج ملک بھر میں ریلیاں جلسے اور تقریبات منعقد ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 776181
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش