0
Thursday 7 Mar 2019 23:41

ایم کیو ایم کی طرح پی ٹی آئی بھی فاشسٹ پارٹی بن رہی ہے، ڈاکٹر اسامہ رضی

ایم کیو ایم کی طرح پی ٹی آئی بھی فاشسٹ پارٹی بن رہی ہے، ڈاکٹر اسامہ رضی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی طرح پی ٹی آئی بھی فاشسٹ پارٹی بن رہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سید عبدالرشید پر حملہ کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے، ان کی رکنیت معطل کی جائے اور ایف آئی آر درج کی جائے۔ یہ بات انہوں نے ادارہ نور حق میں رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر برجیس احمد، سیکریٹری کراچی عبدالوہاب، الیکشن سیل کے انچارج راجہ عارف سلطان، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کی جانب سے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک، غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی حرکت قرار دیا۔ اس موقع پر سید عبدالرشید نے سندھ اسمبلی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے اور ان پر حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ سید عبدالرشید لیاری کے عوام کے منتخب نمائندے اور اسمبلی کے اندر متحدہ مجلس عمل کے پارلیمانی لیڈر ہیں، سندھ اسمبلی کے دیگر ارکان گواہ ہیں کہ پی ٹی آئی کے ارسلان تاج، راجہ اظہر، محمد علی عزیز، بلال غفار، عدیل اور ایم کیو ایم کے محمد حسین کے ساتھ مل کر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا ماضی سب کے سامنے ہے یہ لوگ پہلے بھی شہر کے حالات اور اسمبلی کے ماحول کو خراب کرتے رہے ہیں، اب تحریک انصاف بھی ایم کیو ایم کی راہ پر چل پڑی ہے اور اسمبلی کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید عبدالرشید نے لیاری سمیت کراچی کے عوام کے مسائل کے حل اور حقوق کے لئے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے سے پہلے بھی بھر ور جدوجہد کی ہے اور رکن بنتے ہی اسمبلی کے اندر بھی عوام کی ترجمانی کی ہے، جماعت اسلامی نے ہر فورم پر کراچی کے مسائل کے حل کے لئے آواز اُٹھائی ہے اور بھرپور جدوجہد کی ہے، جماعت اسلامی کو دیگر معاملات میں اُلجھا کر اس جدوجہد سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کو چاہیئے کہ وہ عوام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں، نہ کہ اپوزیشن ارکان کے خلاف ہی کوئی محاذ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں اپوزیشن کے درمیان ہم آہنگی ختم کرنے اور معاملات کو اُلجھانے کی کوشش کر رہی ہیں جو کسی طرح بھی مناسب اور درست طرزِ عمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کے اندر بنائی گئی کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ سندھ اسمبلی کے اندر پیش آنے والے اس غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی واقعے کی مکمل تحقیقات کرے اور اس میں ملوث ارکان کے خلاف نہ صرف تادیبی کارروائی کی جائے بلکہ ان کو سزا بھی دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 782014
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش