0
Sunday 12 Jun 2011 23:09

پاکستان میں امن کا قیام اور استعمار سے نجات حاصل کرنے کا واحد راستہ فکر امام خمینی رہ ہے، مجلس وحدت مسلمین

پاکستان میں امن کا قیام اور استعمار سے نجات حاصل کرنے کا واحد راستہ فکر امام خمینی رہ ہے، مجلس وحدت مسلمین
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں امن کا قیام اور استعمار سے نجات حاصل کرنے کا واحد راستہ فکر امام خمینی رہ ہے، پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے اس میں اس کو ایک خمینی رہ جیسے حکمران کی ضرورت ہے جو استعمار کی سازشوں کا ادراک رکھتے ہوئے اسے اپنی مقدس زمین سے نکلنے پر مجبور کر دے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے الحمراء ہال میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام امام خمینی رہ کی برسی کی حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین میں علامہ امین شہیدی، علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ احمد اقبال، علامہ اظہر حسن، حیدر علی مرزا و دیگر سیاسی و مذہبی رہنما شامل تھے۔
برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ امام خمینی رہ نے ایران سے ظالم و جابر حکمران شاہ کو نکلنے پر مجبور کر دیا۔ انقلاب اسلامی سے قبل ایران کا حاکم شاہ بھی امریکی چاپلوسی میں تمام حدیں عبور کر چکا تھا لیکن امام خمینی رہ نے ایرانی قوم کے مسائل کا ادراک کیا اور امریکی گماشتوں کے خلاف آواز بلند کی۔ امام خمینی رہ کی جدوجہد کے نتیجہ میں آخر کار امریکہ اور اس کے گماشتوں کو ایران کو چھوڑنا پڑا، آ ج پاکستان میں بھی امریکہ کے غلام حکمران اقتدار پر قابض ہیں امریکی جب چاہتے ہیں جس کو چاہتے ہیں قتل کر دیتے ہیں اور پھر باعزت انداز میں انہیں واپس بھجوا دیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکہ جب چاہتا ہے پاکستان کی سالمیت پر حملہ آور ہو جاتا ہے، ملکی وقار کو پامال کرتا ہے مگر پاکستان کے نااہل حکمران امریکی ہاں میں ہاں ملاتے اور امریکہ کے اقدامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہیں۔
علامہ امین شہیدی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو بھی بیداری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی تمام تر مشکلات کا ذمہ دار امریکہ ہے، ہمیں ان مسائل، مشکلات اور بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے امریکہ سے نجات حاصل کرنا ہو گی، انہوں نے کہا کہ ہم امام خمینی رہ کے افکار پر عمل کر کے امریکہ کو پاکستان سے نکال سکتے ہیں۔ امام خمینی رہ کی فکر پوری دنیا کے مظلوموں اور مستضعفین کے لئے مشعل راہ ہے۔
علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ امام خمینی رہ نے بہت جلد استعمار کی سازشوں کا ادراک کر لیا اور پھر اپنے کردار کے بل بوتے پر ایرانی عوام میں اپنا مقام بنایا، اس کے بعد انہوں نے انقلاب کے لئے کال دی، جس پر پوری ایرانی قوم نے لبیک کہا، انہوں نے کہا کہ ایران کے انقلاب اسلامی سے یہ سبق بھی ملتا ہے کہ قیادت کا صالح ہونا انقلاب کے لئے بہت ضروری ہے بصورت دیگر انقلاب، انقلاب نہیں رہتا انتشار بن جاتا ہے۔
مقررین نے کہا کہ امام خمینی رہ نے مصمم اور پختہ عزم کے ساتھ اپنا سفر شروع کیا اور منزل پائی، یہی وجہ ہے کہ آج بھی ایرانی عوام سمیت دنیا بھر کے مظلوم امام خمینی رہ کو اپنا رہبر مانتے ہیں،
انہوں نے کہا کہ لبنان ہو یا فلسطین، کشمیر ہو یا دنیا کا کوئی بھی کونہ انقلاب اسلامی کی روشنی ہر جگہ پہنچی ہے اور استعمار اور اس کے حواریوں کی کوششوں کے باوجود وہ انقلاب کی روشنی کو نہ روک سکے، مقررین نے کہا کہ امریکہ کسی کا کبھی بھی دوست نہیں بنا، صدام سے لے کر حالیہ عرب حکمرانوں کے ساتھ اس کی ”دوستی“ کی مثال واضح ہے، پاکستانی حکمران امریکہ کی دوستی کو اپنے لئے مفید سمجھتے ہیں لیکن امریکہ بچھو ہے جس کی فطرت ہی ڈسنا ہے، مقررین نے کہا کہ حکمرانوں کو پاکستانی ایٹمی پروگرام کے حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کرنا ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 78421
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش