0
Sunday 24 Mar 2019 09:14

شاہ فیصل کی پارٹی پارلیمانی چناؤ نہیں لڑیگی

شاہ فیصل کی پارٹی پارلیمانی چناؤ نہیں لڑیگی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ اُن کی قیادت والی پارٹی آنے والے پارلیمانی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے کام کیا جارہا ہے جس کے بعد ہی وہ انتخابی میدان میں آئیں گے۔ سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ پارٹی لانچ کرنے کے بعد ہم نے کئی ایک نشستیں عمل میں لائیں، جس کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پارٹی ابھی ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہے اور اب بات صرف شاہ فیصل کی نہیں، بلکہ اب کشمیر بھر سے لوگ  جڑ رہے ہیں، اس لئے اس مرحلے میں انتخابات میں حصہ لینا جلد بازی ہوگی۔

انہوں نے کہا ہم فی الحال پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے کام کریں گے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنے ساتھ جوڑیں گے۔ سابق آئی اے ایس افسر نے کہا کہ اُن کے اس فیصلے سے جو خدشات ظاہر کئے گئے تھے کہ ہم یہاں بائیکاٹ توڑنے کیلئے آئے ہیں یا جن کو یہ لگتا تھا کہ ہم کو بھارت نے یہاں پر لایا ہے، اُن کو بھی اس فیصلے سے یہ جواب مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر پیپلز مؤمنٹ یہاں ایک لمبی لڑائی لڑنے کیلئے آئی ہے اور ہماری نظر الیکشن پر نہیں بلکہ ہم ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق کی بات کرنے کیلئے آئے ہیں اور اس کیلئے ہم اور انتظار کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔

ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں ہمارے کارکن کس پارٹی کو حمایت دیں گے اس کا فیصلہ ہم آپس میں بیٹھ کر کریں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے اقدام کی سراہنا کی اور اُن کی یہ کوشش ساوتھ ایشاء کی لیڈر شپ کیلئے ایک سبق قرار دیا۔ انہوں نے حال ہی میں پولیس حراست میں ہلاک ہوئے نوجوان کی موت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا یہ مطالبہ پہلے سے تھا کہ جو بھی اس میں ملوث ہیں اُن کی گرفتاری عمل میں لائی جائے اور واقعہ کی مجسٹریٹ انکوائری عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے حاجن میں ایک بچے کی موت پر بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
خبر کا کوڈ : 784894
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش