0
Tuesday 23 Apr 2019 21:03

ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا

ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا
اسلام ٹائمز۔ ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا جس میں اہم سیاسی شخصیات بھی ملوث ہیں، آئندہ چند روز میں بڑی گرفتاریاں متوقع ہیں۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے بڑے لوگوں کی گرفتاری کے لئے حکمت عملی کی تیاری شروع کردی۔ حوالہ ہنڈی کے مرکزی کردار رنگیلا کا نام بھی شامل ہے جو کہ کراچی میں بیٹھ کر دنیا بھر میں کرنسی کا غیر قانونی کاروبار چلا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اہم شواہد ملنے کے بعد ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے کراچی سمیت ملک بھر میں حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر رکھا ہے، کارروائیوں میں روز بروز تیزی آرہی ہے، اب تک برآمد کردہ بانڈز اور رقم کی مالیت 65 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پہلے سے گرفتار ملزمان نے حوالہ ہنڈی میں ملوث افراد کے ناموں سے بھی پردہ اٹھا دیا جس پر ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی میں ملوث افراد کی فہرست مرتب کرنا شروع کر دی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ حوالہ ہنڈی کرانے والوں میں مختلف تاجر، بلڈرز اور سیاسی شخصیات شامل ہیں۔ حوالہ ہنڈی اور بانڈز کے ذریعے کالے دھن کو وائٹ کیا جاتا تھا۔ ادھر ایف آئی اے حکام کے مطابق آئندہ چند روز میں تمام افراد کو نوٹسز جاری کئے جائیں گے، کراچی میں کی جانے والی کارروائی میں کھارادر سے تین ملزمان کو گرفتار کرکے 41 کروڑ سے زائد غیر ملکی کرنسی اور بانڈز برآمد کئے گئے تھے، جس میں حوالہ ہنڈی کے مرکزی کردار رنگیلا کا نام بھی سامنے آیا تھا جس کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی طے کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق رنگیلا کے بڑی سیاسی شخصیات کے ساتھ رابطے ہیں اور وہ ان کے ساتھ مل کر حوالہ ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار چلا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 790273
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش