0
Wednesday 15 Jun 2011 22:55

ہم پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں جو ہر حالت میں جیتنی ہے اور اس میں شکست کا کوئی آپشن نہیں، میاں نواز شریف

ہم پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں جو ہر حالت میں جیتنی ہے اور اس میں شکست کا کوئی آپشن نہیں، میاں نواز شریف
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ایسی پارلیمنٹ کا کیا فائدہ جس کی مشترکہ قرارداد ردی کی ٹوکری میں پھینک دی جائے، ایسے لوگوں کو سامنے لانا ہو گا جن کے سامنے ریاست، قانون، عوام اور تمام ادارے بے بس ہو چکے ہیں، صحافی سلیم شہزاد کا قتل نہیں بلکہ یہ قتل پاکستان کا قتل ہے، پوری صحافت کا قتل ہے۔ حکومت حقیقت چھپانے کی کوشش نہ کرے، ہوش کے ناخن لے۔ ن لیگ کے سربراہ نواز شریف کا اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر صحافی تنظیموں کے 24 گھنٹے طویل احتجاجی دھرنے کے موقع پر خطاب میں کہنا تھا کہ وہ یہاں صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آئے ہیں، ایبٹ آباد واقعہ، سانحہ مہران بیس، سانحہ خروٹ آباد، سلیم شہزاد کا قتل اور کراچی میں رینجرز اہلکاروں کے ہاتھوں شہری کا قتل ایسے واقعات ہیں جن سے پوری دنیا ہل کر رہ گئی مگر ہماری حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ نواز شریف نے کہا کہ کراچی میں صحافی ولی خان کے قاتلوں کی نشاندہی کے باوجود انہیں کیفرکردار تک نہیں پہنچایا جا سکا جو باعث شرم ہے۔
میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم اب ان عناصر کے بارے میں جاننا چاہتی جن کے سامنے آئین اور ریاست بے بس ہو گئے ہیں، کون ہے جو مظلوم کی بجائے ظلم کا ساتھ دے رہا ہے اور اس کے لئے مزید صبر کی گنجائش نہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں جو ہر حالت میں جیتنی ہے اور اس میں شکست کا کوئی آپشن نہیں۔  پارلیمنٹ کی قرارداد کے باوجود کمیشن اب تک نہیں بنایا گیا، وہ کون سے عناصر ہیں جو صحافی سلیم شہزاد کے قتل کے حوالے سے بھی غیر جانبدار کمیشن نہیں بننے دے رہے۔ وہ کون لوگ ہیں جو غیر جانبدار کمیشن نہیں بننے دے رہے؟ میں پوچھتا ہوں وہ کون لوگ ہیں جن کے آگے قانون بے بس ہے۔ وہ کون سے لوگ ہیں جو ملزمان کی گرفتاری میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ وکلا اور سول سوسائٹی صحافیوں کی اس جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ قاتلوں کی گرفتاری تک قانون کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں گے۔ قوم اب مزید ظلم بر داشت کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 79110
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش