0
Monday 27 Jun 2011 20:05

ایم کیو ایم کا سندھ اور وفاقی حکومت سے علیحدگی کا اعلان، گورنر سندھ بھی مستعفی

ایم کیو ایم کا سندھ اور وفاقی حکومت سے علیحدگی کا اعلان، گورنر سندھ بھی مستعفی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں آزاد کشمیر کی دو نشستوں پر انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے پر حکومت سے علیحدہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے، علیحدگی کا فیصلہ فاروق ستار نے مرکزی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد رابطہ کمیٹی کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کرتے ہوئے کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے 2008ء میں انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا اور ان کی غیر مشروط حمایت کی، الطاف حسین نے سب سے پہلے مبارکباد دی، پیپلزپارٹی نے دوستی کا ہاتھ بڑھایا اور ہم نے پر خلوص جواب دیا، تاہم پی پی کی جانب سے وعدہ پر عمل نہیں کیا گیا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے وزراء محض نام کے وزیر تھے اور وہ عوام کے مفاد میں کوئی بھی فیصلہ کرنے میں آزاد نہیں تھے۔ ایم کیو ایم کے خلاف جرائم پیشہ عناصر کو استعمال کیا گیا، تین سو سے زائد کارکن اور رہنماوٴں کو شہید کیا گیا، جس میں ایم پی اے بھی شامل ہیں، ہمارے بستیوں پر دہشت گردوں نے حملے کیے۔ ایم کیو ایم صدر اور وزیراعظم کو آگاہ کرتی رہی۔ ان کا کہنا تھاکہ حکومتی رویئے سے ایم کیو ایم کے کارکن اور عوام مایوسی کا شکار ہوتے رہے۔ ہم نے ہر طرف سے تنقید کا سامنا بھی کیا اور صبر کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے رحمان ملک نے آزاد کشمیر کی مہاجرین کی کراچی میں دو نشستوں میں ایک مانگی اور نہ دینے کی صورت میں دونوں پر انتخابات ملتوی کرنے کی دھمکی اور صرف چوبیس گھنٹے پہلے انتخابات ملتوی کر دیئے گئے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے، ایم کیو ایم وفاقی اور صوبائی اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی، ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی طویل ترین عرصے تک سندھ کا گورنر رہنے کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے، انہوں نے 27 دسمبر 2002ء کو گورنر کا حلف اٹھایا تھا۔
خبر کا کوڈ : 81474
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش