0
Thursday 26 Sep 2019 21:58

کراچی میں صفائی کیلئے کسی مہم کی نہیں بلکہ مؤثر نظام بنانے کی ضرورت ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی میں صفائی کیلئے کسی مہم کی نہیں بلکہ مؤثر نظام بنانے کی ضرورت ہے، حافظ نعیم الرحمٰن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی میں کچرے کی صفائی کیلئے کسی مہم کی ضرورت نہیں بلکہ باقاعدہ ایک مؤثر اور مربوط نظام بنانے کی ضرورت ہے، وفاقی و بلدیاتی حکومت نے بھی کچرے کی صفائی کے حوالے سے مہم چلائی اور کراچی کے عوام سے لاکھوں روپے فنڈز اکھٹا کیے، لیکن کراچی میں کچرا جوں کا توں موجود رہا اور اب صوبائی حکومت مہم چلا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ کچرا نہ پھینکا جائے، لیکن یہ نہیں بتایا جاتا کہ کچرا کہاں پھینکا جائے، کچرا اٹھانے کا کام روز کرنے کا کام ہے اور ایسا نہ کرنے کی وجہ سے ہی شہر بھر میں جگہ جگہ کچرا جمع ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ گلبرگ کے تحت مہم چرم قربانی کے سلسلے میں رضاکاروں اور کارکنوں کے ”استقبالیے“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زلزلہ متاثرین کی امداد و بحالی اور فوری ریلیف کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کو 53 دن ہو چکے ہیں، تاحال کشمیریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، تعلیمی ادارے بند، اخبارات کی اشاعت بھی رُکی ہوئی ہے، اس کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء کی قلت ہے اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی مشکل ہوگئی ہے، جس کے باعث کشمیریوں کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، کشمیریوں پر تشدد کے واقعات اور گرفتاریوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے کشمیر کے بارے میں عوام سے جھوٹے وعدوں اور دعوؤں کے سوا کچھ نہیں کیا۔
خبر کا کوڈ : 818569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش