0
Thursday 10 Oct 2019 19:13

عراقی ویزوں کا مسئلہ حل کروانے پر حکومت کے شکرگزار ہیں، سبطین سبزواری

عراقی ویزوں کا مسئلہ حل کروانے پر حکومت کے شکرگزار ہیں، سبطین سبزواری
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے اربعین پر کربلا جانیوالے زائرین کے ویزہ اجرا پر پابندی اٹھانے پر حکومت عراق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے دفتر قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے عراقی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں زائرین کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کا اظہار قابل تعریف ہے، زائرین ایک عرصے سے مشکلات کا شکار اور غیر یقینی کیفیت سے دوچار تھے، ان کی پریشانی دور کرنے پر ہم شکر گزار ہیں۔

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ کروڑوں کی تعداد میں زائرین ہر سال نجف سے کربلا پیدل سفر کرکے کربلا پہنچ کر شہید انسانیت حضرت امام حسین علیہ السلام سے اظہار عقیدت کرنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ پاکستان سے بھی ہر سال ہزاروں کی تعداد میں لوگ بائی ایر اور تفتان بارڈر کے ذریعے کربلا پہنچتے ہیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ عراقی سفارتخانہ حسب وعدہ ویزوں کے اجرا میں موجود رکاوٹوں کو دور کریں گے اور کوئی بھی درخواستگزار زیارت کی سعادت سے محروم نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 821302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش