0
Monday 25 Nov 2019 18:30

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے ریماکس دیئے کہ نیب کی تفتیش انتہائی ناقص اور افسوسناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس عمر سیال اور جسٹس ذولفقار علی سانگی پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر نیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آغا سراج اور اہلخانہ کے پاس صرف 150 ایکڑ زرعی اراضی ہے، آغا سراج کا 7000 ایکڑ زرعی زمین کا دعویٰ جھوٹا ہے، آغا سراج نے الیکشن کمیشن میں بھی 150 ایکڑ زرعی زمین درج کرائی ہے، ملزم نے 7 ہزار ایکڑ زمین کی کوئی دستاویز پیش نہیں کی، ایف بی آر اور دیگر ریکارڈ کے مطابق بیشتر جائیداد 2008ء کے بعد بنائی گئیں، آغا سراج نے وزیر بلدیات بننے کے بعد سارے اثاثے بنائے، الیکشن کمیشن اور ایف بی آر کو کبھی خاندانی اثاثوں کی تفصیل پیش نہیں کی گئی۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ اگر آغا سراج درانی کے اجداد کے اثاثے ہوتے تو ان کے نام منتقل ہوتے۔ جسٹس عمر سیال نے ریماکس دیئے ایسے یہ نظام نہیں چلتا ہے، بیشتر کھاتے منتقل نہیں ہوتے، کیا ہونا چاہئے یہ الگ بات ہے اور کیا ہوتا ہے یہ الگ ہے، نیب کی تفتیش انتہائی ناقص اور افسوسناک ہے۔ جسٹس عمر سیال نے تفتیشی افسر سے مکالمہ میں کہا کہ اگر ہم نے آپ کو ڈانٹا ہے تو صرف ملک اور نیب کی بہتری کیلئے۔ عدالت نے ریماکس میں کہا کہ ہمارے لئے شہریوں کا احترام بھی اہم ہے، تفتیش میں کسی کی تضحیک نہیں ہونی چاہئے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر آغا سراج اور دیگر کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
خبر کا کوڈ : 828972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش