0
Wednesday 11 Dec 2019 21:40

پیپلز پارٹی پابندِ سلاسل رہ کر بھی جمہوریت کے لئے لڑتی ہے، مرتضیٰ وہاب

پیپلز پارٹی پابندِ سلاسل رہ کر بھی جمہوریت کے لئے لڑتی ہے، مرتضیٰ وہاب
اسلام ٹائمز۔ ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی قید و بند کی صعوبتوں سے گھبرانے والی نہیں ہے، ہم نے ہمیشہ جمہوریت کا مقدمہ عوام کی حمایت سے لڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آصف علی زرداری کی ضمانت منظور ہونے پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت منظور ہونے پر تنقیدی نگاہ رکھنے والے سیاسی یتیم اپنے ماضی میں جھانکیں کیونکہ ان کا گھناؤنا ماضی لوٹاکریسی اور چڑھتے سورج کی پوجا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا، قید و بند کی صعوبتیں، کوڑے اور پھانسی گھاٹ سے ہماری پرانی رفاقت ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو جس دھج سے مقتل گئے تھے وہ شان آج تک سلامت ہے، یہ جان تو آنی جانی ہے اس جان کی کوئی بات نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی سرخرو ہوں گے، گیارہ سال پابندِ سلاسل رہ کر بھی جس کے حوصلے نہ ڈگمگائے وہ اب کیا ان جھوٹے مقدمات سے گھبرائیں گے، ہم جیالے جیل جانے سے نہیں ڈرتے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ضمانت کے بعد آصف علی زرداری کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر ہوں گی ،جو ان کے پرانے معالجین کی روشنی میں سابق صدر کا علاج کیا جاسکے گا۔
خبر کا کوڈ : 832145
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش