0
Friday 13 Dec 2019 22:42

سانحہ اے پی ایس، کے پی حکومت کا 16 دسمبر یوم یکجہتی شہداء سے منسوب کرنیکا فیصلہ

سانحہ اے پی ایس، کے پی حکومت کا 16 دسمبر یوم یکجہتی شہداء سے منسوب کرنیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی پانچویں برسی سرکاری سطح پر ’یومِ یکجہتی شہداء‘سے منسوب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مشیر تعلیم ضیاءاللہ بنگش کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا ہمارے ہیرو ہیں، بچوں کی لازوال قربانیوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ مشیر تعلیم کی جانب سے تمام تعلیمی اداروں میں مراسلہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ اسکولوں میں اے پی ایس سانحے کے شہداء کی یاد میں تقاریب کا انعقاد کیا جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 16 دسمبر کو شہید طلباء کے نام اور اُن کی تصاویر اسکول کے مرکزی دروازوں پر نصب کی جائیں اور اسکول اسمبلیز میں شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے۔ واضح رہے 16 دسمبر 2014ء کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، دہشت گردوں نے علم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی تھی اور دردناک سانحے اور دہشت گردی کے سفاک حملے میں 147 افراد شہید ہوگئے تھے، جس میں 132 بچے بھی شامل تھے۔ سانحہ اے پی ایس پشاور میں زخمی ہونے والے طالبعلم احمد نواز کو حکومت نے سرکاری خرچ پر 2015ء میں علاج کیلئے برطانیہ بھیجا تھا، جہاں اُن کا علاج کوئین الزبتھ ہسپتال میں ہوا، برطانوی ڈاکٹرز نے احمد نواز کا علاج کیا جس کے بعد وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹے اور پھر لندن میں ہی تعلیم کا آغاز کیا۔
خبر کا کوڈ : 832564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش