0
Friday 3 Jan 2020 18:17
قاسم سلیمانی پر حملہ پورے خطے کو آگ میں دھکیلنے کی امریکی سازش ہے، حسن ہمدانی

قاسم سلیمانی کی شہادت کیخلاف لاہور میں بھرپور احتجاج، فضا امریکہ مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

قاسم سلیمانی کی شہادت سے ملت اسلامیہ کا عظیم نقصان ہوا ہے، عارف حسین الجانی
قاسم سلیمانی کی شہادت کیخلاف لاہور میں بھرپور احتجاج، فضا امریکہ مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی
اسلام ٹائمز۔ بغداد میں ایران کے معروف کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں شہادت کیخلاف مجلس وحدت مسلمین لاہور اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین میں خواتین اور بچوں کیساتھ کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔  مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما علامہ حسن رضام ہمدانی، مولانا اسد عباس نقوی، مرکزی سیکرٹری جنرل خانم سکینہ مہدوی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجنانی اور ڈویژنل صدر حسنین عارف نے کی۔ اس موقع پر آئی ایس او کے مرکزی صدر عارف حسین الجنانی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے عظیم مجاہد، مدافع حرم سیدہ زینب، مدافع کربلا و نجف حاج قاسم سلیمانی کی شہادت سے ملت اسلامیہ کا عظیم نقصان ہوا ہے اور ایک ایسا خلا پیدا ہوا ہے جو کبھی پر نہیں ہوگا۔

احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ہمدانی نے حملہ میں ملوث عالمی استکبار اور جابر شیطان بزرگ امریکہ کے اس جارحانہ فعل کی مذمت کرتے ہوئے اسے دنیا کے امن کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عراق میں امریکی حملہ، بظاہر داعش کی شکست کا انتقام ہے، لیکن یہ المناک سانحہ پورے خطہ کو جنگ میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزید کہا کہ عالمی استعمار خوفزدہ ہوکر حریت پسندوں کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کرتا ہے اور ہمیشہ سے حریت اور آزادی اظہار کیخلاف سازشی عنصر کا کردار ادا کیا ہے، عالم اسلام کے دشمن امریکہ نے ظلم و جبر کی تاریخ میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ کیا ہے حاج قاسم نے اپنی زندگی میں سامراجی طاقتوں کو ناکوں چنے چبوائے اور اْن کی شہادت اور اْن کا خون بھی سامراجی و صہیونی طاقتوں کو چین کی نیند نہیں سونے دیگا۔

مولانا اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ ملت تشیع پاکستان نے ہمیشہ سے مظلومین کی حمایت کی ہے، کیونکہ ہم ہر ظالم کے مخالف اور ہر مظلوم کے حامی ہیں اور اسی تناظر میں امریکہ کے اس ظالمانہ قدم کیخلاف سکردو ،ملتان کراچی، لاہور، سکھر، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک بھر میں احتجاج  ریکارڈ کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے حاج قاسم سلیمانی کو شہید کرکے یہ سمجھا ہے کہ اس نے بہت بڑا نقصان کر دیا؟ امریکہ یاد رکھے کہ یہ ایک قاسم سلیمانی گیا ہے، اب پوری دنیا کے تمام ممالک سے قاسم سلیمانی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے قاسم سلیمانی پر حملہ کرکے تیسری عالمی جنگ کی بنیاد رکھ دی ہے۔ اس موقع پر پریس کلب کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 836308
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش