0
Wednesday 8 Jan 2020 22:06

ایران نے امریکی فورسز پر میزائل حملوں سے قبل آگاہ کیا تھا، عراقی وزیراعظم

ایران نے امریکی فورسز پر میزائل حملوں سے قبل آگاہ کیا تھا، عراقی وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ عراق نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اس کے ملک میں امریکی فوجی ٹھکانوں پر میزائل حملوں سے قبل زبانی پیغام کے ذریعے اس سے آگاہ کیا تھا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ ایران کی جانب سے باضابطہ زبانی پیغام موصول ہوا ہے، جس میں عراق کی سرزمین پر امریکی فوجیوں پر میزائل حملے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے امریکی ڈرون حملے میں ایران کی قدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی شہید ہوگئے تھے، جس کے بعد تہران نے امریکا کو سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔ ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے جواب میں عراق میں امریکا اور اس کی اتحادی افواج کے 2 فوجی اڈوں پر 15 بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ حملے کے چند گھنٹوں بعد عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عراق کو انتباہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے ایک باضابطہ زبانی پیغام موصول ہوا ہے کہ قاسم سلیمانی کے قتل کے جواب میں ایرانی ردعمل کا آغاز ہوگیا یا جلد ہوگا، جبکہ حملے امریکی فوجیوں کے مقامات تک ہی محدود رہیں گے۔ عراقی وزیراعظم کے دفتر نے کہا کہ عادل عبدالمہدی نے یہ پیغام موصول ہونے کے بعد امریکا سے بھی رابطہ کیا تھا جبکہ مذکورہ میزائل مغربی عراق اور حاریر کے مزید شمال میں واقع عین الاسد اڈے پر گرے تھے۔ عادل عبدالمہدی نے کہا کہ ہم نے عراقی فوجی کمانڈروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا انتباہ جاری کر دیا۔ عراقی وزیراعظم نے کہا کہ ایران کے میزائل حملوں میں کسی بھی عراقی فوج کو نقصان نہیں پہنچا۔

وزیراعظم کے دفتر نے مزید کہا کہ عراق اپنی خود مختاری کی خلاف ورزی اور اپنی سرزمین پر حملوں کو مسترد کرتا ہے۔ علاوہ ازیں بیان میں کہا گیا کہ عادل عبدالمہدی داخلی اور خارجی شراکت داروں سے جنگ روکنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ دوسری جانب امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ انہوں نے شمالی عراق میں خود مختار کردش علاقے کے وزیراعظم مسرور بارزانی سے بات کی۔ لیکن یہ واضح نہیں ہوا کہ آیا مائیک پومپیو یا کسی دوسرے اعلیٰ امریکی عہدیدار اور عادل عبدالمہدی کے درمیان کوئی رابطہ ہوا۔
خبر کا کوڈ : 837359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش