0
Tuesday 21 Jan 2020 12:07

گندم اور آٹا وافر مقدار میں موجود ہیں بحران کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، قلندر خان لودھی

گندم اور آٹا وافر مقدار میں موجود ہیں بحران کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، قلندر خان لودھی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ صوبے میں گندم اور آٹا وافر مقدار میں موجود ہے، بحران کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، وزیراعلٰی محمود خان کی کوششوں سے پنجاب کی فلور ملوں سے آٹے کی ترسیل شروع ہوچکی ہے۔ پشاور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قلندر خان لودھی کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کے گوداموں میں 4 لاکھ ٹن سے زائد گندم موجود ہے، جبکہ گندم کے ذخائر میں مزید اضافہ کرنے کیلئے پاسکو سے مزید گندم کی خریداری کے سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی فلور ملوں کا یومیہ کوٹہ بڑھا کر 5000 میٹرک ٹن کر دیا گیا ہے جس سے چند دنوں میں آٹے کی قیمتیں معمول پر آجائیں گی۔

نانبائیوں کی جانب سے ہڑتال کے بارے میں وزیر خوراک نے کہا کہ حکومت نے نانبائیوں کو رعایتی نرخ پر معیاری آٹا فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے جو عوام اور نانبائی برادری کے وسیع تر مفاد میں ہے، حکومتی پیشکش کے باوجود بھی ہڑتال کرنا بلا جواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چند لوگوں کو نفع دینے کیلئے کسی صورت عوام پر بوجھ ڈالنے کیلئے تیار نہیں ہے، عوام کو سہولت دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، حکومت صوبے کے عوام کو رعایتی آٹا ٹرکوں کے ذریعے ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کر رہی ہے۔ قلندر خان لودھی نے کہا کہ محکمہ خوراک کے حکام کو ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
خبر کا کوڈ : 839752
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش