0
Thursday 23 Jan 2020 18:46

عمران نیازی کی وجہ سے پاکستان پوری دنیا میں مذاق بن گیا، وقار مہدی

عمران نیازی کی وجہ سے پاکستان پوری دنیا میں مذاق بن گیا، وقار مہدی
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ آج ملک میں غذائی اجناس سمیت ہر چیز پر عمران حکومت کی جانب سے قہر پڑنے اور عوام کی چیخیں نکل جانے کے باوجود پی ٹی آئی شرمندگی یا افسوس سے قطعی عاری ہے، جس ملک کے صدر، وزیراعظم اور کابینہ کو ڈالر، آلو، ٹماٹر، آٹے، چینی، دال کا نہیں پتا، وہ ملک اور عوام کیلئے کیا فلاحی کام کر سکتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ ملکی تاریخ کے ریکارڈ توڑ قرضے لینے کے باوجود آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی سمجھ سے بالاتر ہے، عمران نیازی کی نالائقی کے سبب آج پاکستان پوری دنیا میں مذاق بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹا بحران کیخلاف سلیکٹڈ وزیراعظم کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں انکوائری کمیشن بھی ایک مذاق ثابت ہوگا اور انکوائری کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکے گا۔

وقار مہدی نے کہا کہ تحقیقات اگر کروانی ہی ہے، تو کم از کم سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا جائے، بصورت دیگر قوم سے مذاق بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے ڈیڑھ سال اور اسکا ایک ایک دن عوام پر عذاب بن کر گزر رہا ہے، عوام معاش بدحالی کا شکار ہو رہے ہیں، تنخواہ دار طبقہ ہر مہینے 15 دن بعد قرض لینے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کے بعد اب چینی کا بحران سر اٹھا رہا ہے، ترین کارٹل چینی کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی جیبوں پر ایک پھر ڈاکہ مارنے کے درپے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 840260
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش