0
Thursday 23 Jan 2020 20:04

اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ضلع ملتان کے تمام ہسپتالوں میں 27جنوری کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا، پی ایم اے ملتان 

اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ضلع ملتان کے تمام ہسپتالوں میں 27جنوری کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا، پی ایم اے ملتان 
اسلام ٹائمز۔ پی ایم اے ملتان کے صدر پروفیسر مسعود ہراج، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رانا خاور، ڈاکٹر مرتضی بلوچ، ڈاکٹرشیخ عبدالخالق، ڈاکٹر ذولقرنین حیدر، ڈاکٹر منظور واندر، ڈاکٹر وقار، ڈاکٹر عمران رفیق و دیگر ڈاکٹرز نے شہباز شریف ہسپتال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ملتان کے پرائمری وسیکنڈری ہسپتالوں میں مریضوں اور ڈاکٹرز کو درپیش مسائل اور اس کی بنیادی وجوہات کو اجاگر کیا جائے۔ ضلع ملتان کے ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو اور ٹائون ہسپتالوں میں کام کرنے والے کنسلٹنٹس حکومتی احکامات کے باوجود پچھلے کئی ماہ سے شعبہ صحت کی لوکل انتظامیہ کی نااہلی اور بدنیتی کی وجہ سے ایف سی پی ایس الائونس سے محروم ہیں۔ اس کے ساتھ انسینٹیو الائونس کے حصول میں جان بوجھ کے حکومتی وضاحت کے باوجود مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔ پی ایچ یو اور آر ایچ یو میں کام کرنے والے ڈاکٹرز پچھلے چھ ماہ سے اٹنڈنٹ جمع کرانے کے باوجود نان پریکٹس الائونس حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔ جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع بشمول مظفرگڑھ میں ڈاکٹرز جو پریکٹس نہیں کرتے یہ الائونس لے رہے ہیں۔ سی ای او دفتر ملتان میں موجود دو کلرک عرفان لوٹھڑ اور انجم نذیر الائونس لگانے کے لیے فی ڈاکٹر پانچ سے دس ہزاررشوت کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں۔ پی ایم اے ملتان کے وفد نے پچھلے ہفتے سی ای او سے ملاقات کر کے ہونے والی کرپشن سے آگاہ کیا مگر قابل افسوس بات یہ ہے کہ کوئی ایکشن بھی نہیں لیا گیا اور کرپشن کا یہ جاری رہنے والا سلسلہ ڈاکٹر منور عباس سی ای او ملتان کی زیرسرپرستی ہو رہا ہے۔ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں متعدد بار آگاہ کرنے کے باوجود ادویات کی شدید کمی اور ڈاکٹرز کی سیکورٹی اور پارکنگ کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ ضلع ملتان کے آر ایچ سی میں کام کرنے والے ڈاکٹرز ہسپتالوں میں سرکاری رہائش نہ لینے کے باوجود ہائوس رینٹ اور کنوینس الائونس سے محروم ہیں۔

ڈاکٹرز کا مزید کہنا تھا کہ ضلع ملتان کے آر ایچ سی جن کا سالانہ فنڈ تقریبا ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے فی آر ایچ سی ہے، آٹھ میں سے چھ آر ایچ سی کے فنڈر استعمال کرنے کا اختیار غیرقانونی طور پر سی ای او ملتان نے اپنے پاس رکھا ہوا ہے، فنڈز میں کرپشن کی وجہ سے مریضوں کو آر ایچ سی میں ادویات اور علاج کی دیگر سہولیات میسر نہیں جس کی وجہ سے ڈاکٹرز اور لواحقین میں آئے روز جھگڑے ہونا معمول ہے، دوائیں نہ ہونے سے ضلع ملتان کے تمام ہسپتالوں میں مریوں کا کوئی پرسان حال نہیں اور سی ای او ملتان فوٹو سیشن اور جھوٹی میٹنگز کے ذریعے حکام بالا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے، پی ایم اے ملتان سیکرٹری ہیلتھ، کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر ملتان سے بھرپور مطالبہ کرتی ہے کہ سی ای او آفس میں موجود کرپٹ عناصر کو فوری ہٹایا جائے اور مریضوں اور ڈاکٹرز کے جائز مطالبات منظور کیے جائیں۔ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پہلے مرحلے میں ضلع ملتان کے تمام ہسپتالوں میں 27 جنوری 2020ء بروز سوموار کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ جس کے بعد دھرنے اور احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل کا اعلان اور مطالبات نہ ماننے کی صورت میں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 840267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش