0
Friday 14 Feb 2020 10:44

ترک صدر آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

ترک صدر آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے
اسلام ٹائمز۔ ترک صدر رجب طیب اردوان آج اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ رجب طیب اردوان گزشتہ روز 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے جس کا مقصد دوطرفہ تزویراتی شراکت داری اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے طلب کیا جانے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس صبح 11 بجے شروع ہو گا۔

خیال رہے کہ ترک صدر چوتھی مرتبہ پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے، انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران 2016ء میں پاکستان کا آخری دورہ کیا تھا اور پارلیمنٹ سے خطاب بھی کیا تھا۔ تاہم پاکستان تحریک انصاف اراکین نے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کی مبینہ کرپشن کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔

واضح رہے کہ رجب طیب اردوان کو بطور وزیراعظم دو بار پاکستان کی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے کا اعزاز حاصل ہے اور آج وہ بحیثیت صدر دوسری مرتبہ پاکستان کی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔ رجب طیب اردوان نے بطور وزیراعظم 26 اکتوبر 2009ء اور 21 مئی 2012ء کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر چکے ہیں۔

انہوں نے بحیثیت صدر نومبر 2016ء کو پہلی مرتبہ خطاب کیا تھا جبکہ اور 14فروری 2020ء کو دوسرا خطاب کریں گے۔ خیال رہے کہ ترک صدر، پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والی 21 ویں غیرملکی جبکہ موجودہ پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والی پہلی شخصیت ہیں۔
خبر کا کوڈ : 844471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش