0
Saturday 29 Feb 2020 16:30

عمران خان نہیں بلکہ ذوالفقار علی بھٹو سلیکٹڈ تھے، شیخ رشید

عمران خان نہیں بلکہ ذوالفقار علی بھٹو سلیکٹڈ تھے، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کو سلیکٹڈ اور موجودہ وزیراعظم عمران خان کو الیکٹڈ  قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات پر مباحثہ کرنے کیلئے تیار ہوں۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نہیں بلکہ ذوالفقار علی بھٹو سلیکٹڈ تھے کیونکہ وہ سابق آمر ایوب خان کو ڈیڈی کہتے تھے۔ سندھ والے تاریخ پڑھیں، ذولفقار بھٹو کو ان کی بیگم نصرت بھٹو نے بھٹو بنایا۔ وفاقی وزیر نے روہڑی حادثے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے ٹریک پر پھاٹک بنانا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ سے کہوں گا کہ ریلوے ٹریک پر پھاٹک کےلیے فنڈز فراہم کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز روہڑی کے قریب پاکستان ایکسپریس ٹرین مسافر کوچ سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق  اور 8 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ایکسپریس کراچی سے راولپنڈی جارہی تھی۔ کندھرا پھاٹک کھلا ہونے کے دوران مسافر کوچ نے ریلوے کراسنگ عبور کرنے کی کوشش کی اور ٹرین کی زد میں آگئی۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف اگر واپس آگئے تھے انہیں قرنطینہ میں رکھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں شہبازشریف آ رہے ہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے شہباز شریف کو چودہ دن کے لیے کئیر میں رکھنا پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ آگ اور خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے دنیا اس کا نوٹس لے۔
خبر کا کوڈ : 847534
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش