0
Monday 2 Mar 2020 23:23

اسلام آباد، کورونا وائرس کے چار ممکنہ مریض ائیرپورٹ سے پمز منتقل

اسلام آباد، کورونا وائرس کے چار ممکنہ مریض ائیرپورٹ سے پمز منتقل
اسلام ٹائمز۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایئر پورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے چار افراد کو کورونا وائرس کے حوالے سے مشتبہ قرار دے کر پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ چاروں افراد کوالالمپور سے پاکستان پہنچے تھے۔ چاروں مسافر قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 سے اسلام آباد پہنچے تھے۔ مسافروں کو جب معمول کی چیکنگ کے دوران اسکریننگ کے لیے جدید آٹو میٹک تھرمل اسکینر سے گزارا گیا تو وہاں انہیں مشتبہ قرار دیا گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق چاروں مشتبہ مسافروں کو اسکینر کے فوری بعد ہنگامی بنیادوں پر آئیسو لیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں پمز اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ مشتبہ مریضوں میں باپ، دو بیٹیاں اور محمد معین اختر نامی مسافر شامل ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین ہزار 53 ہو گئی ہے جب کہ 88 ہزار افراد متاثرین میں شامل ہیں۔ جنوبی کوریا میں خطرناک وائرس کے مزید 500 کیسز رجسٹرڈ کیے گئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد چار ہزار 2012 ہو گئی ہے جب کہ 22 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ایران میں اموات کی تعداد 54 تک پہنچ گئی۔ فرانس میں 130 متاثرین ہیں جبکہ برطانیہ میں ایک ہزار 694 کیسز رجسٹرڈ کیے ہیں۔

امریکی ریاست واشنگٹن میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد دو بتائی ہے جب کہ نیویارک میں مہلک وائرس کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں چین میں ہے جہاں 2912 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ چین میں سات ہزار افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال سے ڈسچارج ہونے والے مریضوں کی شرح 52 فیصد سے زائد رہی ہے جب کہ گزشتہ ہفتے سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ چین میں کورونا وائرس سے صحت یاب افرادکی تعداد 41 ہزار 625 ہو گئی ہے جب کہ زیر علاج افراد کی تعداد کم ہو کر 35 ہزارہ گئی ہے۔ پاکستان نے ایران اور افغانستان کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کر دی ہیں جب کہ اندرون ملک بھی ہنگامی صورتحال دکھائی دے رہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) نے ہدایت کی ہے کہ بڑی تعداد میں وینٹی لیٹرز تیار رکھیں کیوں کہ کورونا کے مریضوں کے لیے آکسیجن تھراپی اہم علاج ہے لہذا تمام ممالک آکسیجن سسٹم کی دستیابی یقینی بنائیں۔ ڈبلیوایچ او کے مطابق چین میں 45 ہزار افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جن میں سے صرف 2.1 فیصد 20 سال سے کم عمر تھے۔ اس وائرس کے شکارمریضوں میں شرح اموات دو سے پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس 60 سال سے زائد عمر کو زیادہ متاثر کرتا ہے اور یا وہ افراد جلدی اس کا شکار ہوتے ہیں جو پہلے سے کسی دوسرے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 848007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش