0
Thursday 12 Mar 2020 19:32

جماعت اسلامی کی وفاقی حکومت کیجانب سے جہانگیر ترین سے بغیر ٹینڈر چینی خریدنے کی مذمت

جماعت اسلامی کی وفاقی حکومت کیجانب سے جہانگیر ترین سے بغیر ٹینڈر چینی خریدنے کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے وفاقی حکومت کی جانب سے جہانگیر ترین سے بغیر ٹینڈر جاری کئے 20 ہزار ٹن چینی خریدنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سابقہ حکومتی وزراء اور عہدیداروں پر کرپشن اور کک بیکس کا الزام لگاتے رہے ہیں، جبکہ کسی بھی سرکاری عہدیدار کے رشتہ داروں کے ساتھ کوئی بھی حکومتی سودا یا ٹھیکہ دینے کی شدید مخالفت کرتے تھے، لیکن اپنی حکومت میں پی ٹی آئی کے اہم رہنماء اور الیکشن مہم میں جہانگیر ترین کے جہاز پر سیر سپاٹے کرنے اور الیکشن مہم چلانے کے بدلے میں آج جہانگیر ترین کو مسلسل نوازتے جا رہے ہیں، جو ان کے تمام تر دعوؤں اور وعدوں کی نفی ہے۔ اپنے بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ موجودہ عمران حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد مسلسل چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کا سب سے زیادہ فائدہ جہانگیر ترین کو ملا ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ یوٹلیٹی اسٹورز پر آج بھی چینی 80 روپے جبکہ عام دکانوں پر 90 روپے فروخت ہو رہی ہے، جبکہ مصالحہ جات، خشک دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے موجودہ حکومت کی مہنگائی میں کمی کے دعوے سراسر جھوٹ ثابت ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات مہنگائی کیخلاف نہیں بلکہ اپنوں کے نوازنے کیلئے ہیں، جس کی واضح مثال جہانگیر ترین کو چینی کے ٹھیکے دینا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت چینی سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء پر سبسڈی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 سے 40 روپے تک کمی کرکے عوام کو حقیقی ریلیف دینے کیلئے مؤثر اقدمات کرے، تاکہ عام آدمی کو موجودہ مہنگائی کی سونامی سے چھٹکارہ مل سکے۔
خبر کا کوڈ : 849951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش