1
Wednesday 1 Apr 2020 12:02

دشمن سے سرزد ہونیوالی کوئی بھی خطا اُسکی آخری غلطی ثابت ہو گی، سپاہ پاسداران ایران

دشمن سے سرزد ہونیوالی کوئی بھی خطا اُسکی آخری غلطی ثابت ہو گی، سپاہ پاسداران ایران
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلابی گارڈز "سپاہ پاسداران" کے دفتر تعلقات عامہ کی جانب سے ایران میں اسلامی جمہوری نظام حکومت کے انتخاب کے روز، 1 اپریل 1979ء (مطابق با 12 فروردین 1358ء) "یوم اللہ" کی مناسبت سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ نظام حکومت کی 41 سالہ تاریخ میں ایرانی عوام کے بیمثال ریفرنڈم کے نتیجے میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ہی دشمن کی پلید اور شیطانی سازشوں کا آغاز ہو گیا تھا تاہم اس کے باوجود ایرانی عوام اور اسلامی جمہوری نظام حکومت روز افزوں ترقی کرتا ہوا پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن رہا حتٰی کہ اب 4 دہائیاں گزر جانے کے بعد پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم اور طاقتور، اپنی دیرینہ آرزو "جدید اسلامی تمدن" کے حصول کے لئے قدم بڑھا رہا ہے جبکہ اسلامی انقلاب کی اس کامیابی نے مغربی ایشیائی خطے سے باہر تک اپنے اثرات ڈالے ہیں جس کے نتیجے میں اب یہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے پلید اتحادیوں کی آنکھ کا کانٹا بن چکا ہے۔

ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے روز کی مناسب سے سپاہ پاسداران کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شرارتی و بدطینت دشمن کی طرف سے دنیا کے کسی بھی کونے میں ایران کے خلاف سرزد ہونے والی کوئی چھوٹے سے چھوٹی خطا بھی اس کی آخری غلطی ثابت ہو گی۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کے مقابلے میں اسلامی انقلابی محاذ کی اٹل اور انتہائی تباہ کن جوابی کارروائی ناقابل یقین ہو گی جس کے بعد دشمن کو پچھتانے کی فرصت بھی نہیں ملے گی۔ سپاہ پاسداران نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلامی انقلاب اور اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے زندہ، مستحکم و متاثر کن حقائق اور عدالت، حق طلبی و استکبار مخالف موقف کی بناء پر نہ صرف پوری انسانیت کو اپنا مخاطب قرار دیا ہے بلکہ امریکہ و اسرائیل کی آمر و دہشتگرد رژیموں کو دنیا کے اسٹریٹیجک نشیب و فراز پر تنہاء کر کے ان کے ظاہری جاہ و جلال کی قلعی کو بھی کھول دیا ہے۔

ایرانی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران کی طرف سے جاری ہونے والے اس بیان میں ایران کے اندر اسلامی انقلاب کی کامیابی کے روز کی مبارکباد پیش کی گئی اور اسلامی انقلاب کے معنوی پیغام کو آزاد قلوب کیلئے نوید، امید اور امریکہ جیسی فریب کار، شیطانی و انسان دشمن طاقتوں سے آزادی کا پیغام قرار دیا گیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اللہ تعالی کے شکرگزار ہیں کہ قوم کے سپوتوں کی جدوجہد اور دفاعی میدانوں میں خصوصا سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی کاوشوں کی بدولت آج مملکت خداداد کسی بھی دشمن کی طرف سے سخت یا نرم، ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس بیان میں گذشتہ 41 سال کے دوران اسلامی انقلاب کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء خصوصا سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور رہبر کبیر انقلاب اسلامی آیت اللہ خمینیؒ کے ساتھ تجدید عہد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اللہ تعالی کی مدد سے قیام، فعال مزاحمت اور دفاعی ترقی پر مبنی سپاہ پاسداران کی حکمت عملی پورے زور و شور سے جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 853994
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش