1
Friday 24 Apr 2020 22:39

یمن پر مسلط کردہ جنگ، جارح سعودی اتحاد کے "نام نہاد سیز فائر" میں 1 ماہ کی توسیع

یمن پر مسلط کردہ جنگ، جارح سعودی اتحاد کے "نام نہاد سیز فائر" میں 1 ماہ کی توسیع
اسلام ٹائمز۔ گزشتہ 5 سالوں سے یمن پر وحشتناک جنگ مسلط رکھنے والے جارح سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان جنرل ترکی المالکی نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ 8 اپریل 2020ء کے روز اعلان کئے جانے والے سعودی سیز فائر میں مزید 1 ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عرب ای مجلے "الریاض" کے مطابق جارح سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ اعلان کے مطابق 2 ہفتوں پر مشتمل عارضی جنگ بندی 23 اپریل 2020ء کو ختم ہونا تھی جبکہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفیٹس کی درخواست پر دونوں فریقوں کو دائمی جنگ بندی کے معاہدے کے مذاکرات کرنے، اہم ترین اقتصادی و انسانی امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے اور سیاسی سلسلے کی دوبارہ بحالی کے لئے زیادہ وقت دیئے جانے کی خاطر سعودی فوجی اتحاد کی طرف سے جاری عارضی جنگ بندی میں (23 اپریل 2020ء سے) 1 ماہ کی توسیع کی جاتی ہے۔ جنرل ترکی المالکی نے دعوی کیا کہ یہ اقدامات سعودی فوجی اتحاد کی طرف سے "برادر یمنی قوم" کے رنج میں کمی اور ماہ مبارک رمضان کے دوران کرونا وائرس سے مقابلے کی خاطر انجام دیئے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد کی طرف سے اعلان کردہ عارضی جنگ بندی میں توسیع کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب سعودی فوجی اتحاد اپنے پہلے سیز فائر کے اعلان کے بعد سے تاحال مظلوم یمنی عوام پر مسلسل حملوں میں مصروف ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جارح سعودی فوجی اتحاد نے اپنے نام نہاد سیز فائر کے اعلان کے بعد سے مظلوم یمنی عوام پر تاحال 500 سے حملے کئے ہیں لہذا یمنی حکام کا کہنا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کی طرف سے کئے گئے یکطرفہ و نام نہاد سیز فائر کے اعلان کا مقصد عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔ یاد رہے کہ 8 اپریل 2020ء کے روز جارح سعودی اتحاد کی طرف سے پہلی مرتبہ عارضی جنگ بندی کے اعلان کے فورا بعد ہی یمنی حکام کا یہ موقف سامنے آِیا تھا کہ جب تک گزشتہ 5 سالوں پر محیط یمن کا سرحدی محاصرہ اٹھا نہیں لیا جاتا یمن کسی قسم کے سیز فائر کو قبول نہیں کرے گا کیونکہ یمنی سرحدی محاصرے کا برقرار رکھا جانا یمن کے خلاف مسلسل جارحیت کے مترادف ہے۔
خبر کا کوڈ : 858757
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش