0
Tuesday 5 May 2020 03:31

سندھ حکومت کو چاہیئے کہ وہ طبی ماہرین کے ہمراہ بیٹھ کر اپنی پالیسوں پر نظرثانی کرے، خالد مقبول صدیقی

سندھ حکومت کو چاہیئے کہ وہ طبی ماہرین کے ہمراہ بیٹھ کر اپنی پالیسوں پر نظرثانی کرے، خالد مقبول صدیقی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد کی آمد۔ وفد میں ڈاکٹر قیصر سجاد، ڈاکٹر قاضی واثق، ڈاکٹر شریف ہاشمانی شامل تھے۔ کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبو ل صدیقی سے ملاقات، اس دوران کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پی ایم اے کے وفد نے کورونا سے بچاؤ اور اس صورتحال سے نکلنے پر تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو مکمل حفاظتی کٹس مستقل بنیادوں پر فراہم کی جائے، اس کے ساتھ ساتھ ٹیسٹنگ کی سہولیات کو بڑھایا جائے اور جہاں پر کورونا وائرس کے پھلنے کا اندیشہ ہے، وہاں ٹیسٹنگ رینڈم سمپلنگ کی بنیاد پر کی جائے، عوام کو اس بات کی آگاہی ہونی چاہیئے کہ وہ کون سے اسپتال یا مقامات ہیں جہاں کورونا سے متاثرہ افراد کیلئے آئی سی یو قرنطینہ اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی ہے۔

وفد نے مزید بتایا کہ جو ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف فرنٹ لائن پر کام کررہے ہیں اور وہ جنرل فزیشن جو گلی محلوں میں پریکٹس کر رہے ہیں، ان کی کونسلنگ کی ضرورت ہے کہ وہ اپنے آپ کو کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے تیار کریں، اس کے ساتھ ساتھ سیرالوجی ٹیسٹ بھی تیزی کے ساتھ کئے جائیں تاکہ یہ پتہ لگ سکے کہ کس میں کورونا وائرس ہے یا تھا۔ اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل اور میئر کراچی وسیم اختر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی گفتگو سننے کے بعد کہا کہ سندھ حکومت نے اب تک کورونا سے بچاؤ کیلئے جو اقدامات کئے ہیں وہ نمائشی ہیں، سرحدوں کو خالی چھوڑ دیا گیا ہے اور اسپتالوں کو مضبوط کرنے کی ناکام کوشش کی ہے، لہذا سندھ حکومت کو چاہیئے کہ وہ طبی ماہرین کے ہمراہ بیٹھ کر اپنی پالیسوں پر نظرثانی کرے، ڈاکٹر فرقان کے علاج میں ہونے والی کوتاہی کی تحقیقات کرائی جائیں اور کورونا سے جاری جنگ میں جو ڈاکٹرز اور طبی عملہ شہید ہوا ہے ان کے خاندانوں کے لئے خطیر معاوضے کا اعلان کیا جائے۔ اس موقع پر میڈیکل ایڈ کمیٹی کے انچارج ڈاکٹر محمد انور نے معاونت کی۔
خبر کا کوڈ : 860715
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش