0
Wednesday 20 Jul 2011 20:05

حکومت امریکہ سے نجات کیلئے ایران، چین، ترکی اور افغانستان پر مشتمل بلاک تشکیل دے، سنی اتحاد کونسل

حکومت امریکہ سے نجات کیلئے ایران، چین، ترکی اور افغانستان پر مشتمل بلاک تشکیل دے، سنی اتحاد کونسل
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ فضل کریم نے وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل، بجلی کے بحران پر قابو پانے، مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے، امن و امان کے قیام، قومی معیشت کی بحالی، کرپشن کی روک تھام اور حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے سنجیدگی کے ساتھ ہنگامی اور انقلابی اقدامات کریں۔ قومی اداروں کو لوٹنے والوں کا محاسبہ کریں، طبقاتی نظام کا خاتمہ کریں اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں ملک میں نظام مصطفٰی نافذ کریں۔
صاحبزادہ فضل کریم نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ملک میں بدامنی کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری صفر ہو گئی ہے اور ملکی سرمایہ کار بھی پچھلے تین سال کے دوران اربوں ڈالر بیرون ملک منتقل کر چکے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے تجویز دی ہے کہ حکومت خطے میں امریکی سامراج سے نجات کے لیے ایران، افغانستان، ترکی اور چین کے ساتھ مل کر علاقائی بلاک تشکیل دینے کی کوشش کرے، کیونکہ امریکہ بھارت کے ذریعے جنوبی ایشیا کے ممالک میں اپنا تجارتی تسلط قائم کرنے اور انہیں اپنے اسلحہ کی منڈی بنانے کی سازش کر رہا ہے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے پچھلے 35برس میں 1 ارب 10 کروڑ ایکڑ فٹ دریائی پانی ضائع ہو گیا ہے جبکہ 2 کروڑ ایکڑ اراضی پانی نہ ملنے کی وجہ سے بنجر پڑی ہے اور بھارت دریائے سندھ، چناب اور جہلم پر 69 ڈیم تعمیر کر رہا ہے۔ اس لیے حکومت پاکستان کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کرے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ کرپشن سب سے بڑا قومی مرض ہے اور ہر سال 2 ہزار ارب روپے کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں اس لیے حکومت کرپشن کے خاتمے کے لیے مؤثر اور طاقتور احتسابی ادارہ قائم کرے۔ خط میں امریکی ڈرون حملے روکنے کے لیے امریکہ سے دوٹوک بات کرنے، پاک فوج کے خلاف امریکی الزامات کا ڈٹ کر جواب دینے، معاف کرائے گئے قرضوں کی وصولی، ٹیکسز کا دائرہ وسیع کرنے،بنجر زمینیں بیروزگار نوجوانوں میں تقسیم کرنے، بلوچستان کا احساس محرومی ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹوٹنے کی بات کرنے پر غداری کی سزا نافذ کی جائے اور نظریہ پاکستان کا مذاق اڑانے والے نام نہاد دانشوروں کا محاسبہ کیا جائے اور امریکی غلامی سے نجات حاصل کر کے چین کے ساتھ اتحاد بنایا جائے۔ خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ اگر عوام کو جلد ریلیف نہ ملا تو عوامی ناراضگی کا آتش فشاں سب کچھ بہا لے جائے گا۔ قوم 63 برسوں سے قربانیاں دیتی آ رہی ہے اب حکمران طبقے اور اشرافیہ کو قربانی دینا ہو گی۔ خط میں وزیراعظم سے کہا گیا ہے کہ حکومت بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کرے اور سرحدی علاقوں میں افغانستان کے دہشت گردوں کی دراندازی پر حامد کرزئی سے دو ٹوک بات کی جائے، نیز پاکستان میں امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی سازشوں کا توڑ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 86250
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش