0
Thursday 11 Jun 2020 01:19

دنیا میں پٹرول کو خریدار جبکہ پاکستان میں خریداروں کو پٹرول نہیں مل رہا، سراج الحق

دنیا میں پٹرول کو خریدار جبکہ پاکستان میں خریداروں کو پٹرول نہیں مل رہا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دنیا میں پٹرول کو خریدار جبکہ پاکستان میں خریداروں کو پٹرول نہیں مل رہا، حکومت دو سال سے عوام کا خون نچوڑ رہی ہے مگر جب تیل سستا کیا تو ملنا ہی مشکل ہوگیا۔ عوام پٹرول پمپوں پر اور وزراء کابینہ کے اجلاسوں میں لڑرہے ہیں۔ حکومت کی بے بسی ہر جگہ نظر آرہی ہے۔ سابقہ حکومتیں آئی ایم ایف سے پوچھ کر اور موجودہ حکومت اس کے حکم پر بجٹ بنا رہی ہے۔ حکومت کے معاشی افلاطونوں کا ٹولہ ناکامی کی تصویر بنا ہوا ہے۔ آنے والے بجٹ میں کسی کو ریلیف ملنے کی امید نظر نہیں آرہی۔ حکومت نے بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کم کرکے تعلیم اور صحت پر خرچ کرنے کی کوشش نہ کی تو دونوں شعبے تباہ ہوجائیں گے۔ قرنطینہ سینٹرز میں مریض لائف سیونگ انجیکشنز اور ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کیلئے تڑپ رہے ہیں۔اوورسیز پاکستانیوں کو لانے کیلئے طفل تسلیاں دی جارہی ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرونا کے تیز ترین پھیلاﺅ کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ انتہائی تشویشناک ہے، جس نے حکومت کی ناکام پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ کورونا میں شدت سے عوام کی بے چینی اور خوف میں اضافہ ہوگیا ہے، سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں۔ لواحقین مریضوں کو کبھی ایک اور کبھی دوسرے ہسپتال میں لیکر جاتے ہیں مگر کہیں بھی جگہ نہیں مل رہی۔ سندھ خاص طور پر کراچی میں کورونا کی صورتحال کنٹرول سے باہر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرونا کو سنجیدہ لیا ہوتا تو آج ہزاروں لوگوں کو حکمرانوں کی بے حسی اور اپنی بے بسی پر رونا نہ پڑتا۔ پٹرول کی عدم دستیابی نے ثابت کردیا ہے کہ آئل کمپنیاں حکومت سے زیادہ طاقتور اور اپنی مرضی کی مالک ہیں۔ پٹرول جب مہنگا ہوتا ہے تو وہ عوام کی کھال اتار لیتی ہیں اور اگر کبھی بھولے سے سستا ہوجائے تو اپنے ڈپو اور پٹرول پمپ بند کرکے بیٹھ جاتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 867844
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش