0
Tuesday 23 Jun 2020 19:33

کورونا سے وفات پانیوالوں کیلئے ایس او پیز میں نرمی کر دی گئی

کورونا سے وفات پانیوالوں کیلئے ایس او پیز میں نرمی کر دی گئی
اسلام ٹائمز۔ حکومت نے کورونا سے وفات پانے والوں کیلئے وضع کردہ ایس او پیز میں نرمی کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کے لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں کورونا سے مرنے والوں کے ایس او پیز میں نرمی کر دی گئی ہے۔ جنازہ و تدفین معمول کے مطابق کی جائے گی جبکہ کورونا سے جاں بحق ہونیوالے مریض کی میت بھی لواحقین کے حوالے کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونیوالوں کی میت کو تابوت میں رکھ کر دیا جائے گا، نماز جنازہ اور تدفین میں اہلخانہ اور عزیز و اقارب بھی شریک ہو سکیں گے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ اہلخانہ اور رشتہ دار میت کو کندھا بھی دے سکیں گے تاہم تدفین کے موقع پر موجود افراد ماسک، کلوز، پی پی ای لباس میں ملبوس ہوں گے۔ میت کو رسیوں کی بجائے نارمل انداز میں لحد میں اُتارا جائے گا۔ جنازہ و تدفین کے حوالے سے مذکورہ بالا تمام پوائنٹس پر اتفاق ہو گیا ہے جس کا اعلان جلد باضابطہ طور پر کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں کورونا ایڈوائزری گروپ  کے عہدیداروں نے شرکاء کو کورونا کی موجودہ صورتحال اور زیادہ متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاون کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 870435
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش