0
Tuesday 18 Aug 2020 11:05

پیپلزپارٹی جی بی کا اجلاس، امیدواروں کو الیکشن مہم تیز کرنے کی ہدایت

پیپلزپارٹی جی بی کا اجلاس، امیدواروں کو الیکشن مہم تیز کرنے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی کابینہ اور سینئر رہنماؤں کا ایک اجلاس صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کی زیر صدارت گلگت میں ہوا۔ اجلاس میں انتخابات کے حوالے سے چیف کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے بروقت اور شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور ساتھ ساتھ تمام سیاسی جماعتوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وقت پر انتخابات کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلامی تحریک اور جماعت علماء اسلام کی مشاورت سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام جماعتیں شریک ہوں۔

اجلاس کے شرکاء نے گلگت بلتستان کے تمام 24 حلقوں میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی موجودگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام امیدواروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ تمام متوقع امیدوار اپنی الیکشن مہم کو تیز کریں، حلقوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور عوامی مسائل سے باخبر رہتے ہوئے ان کے حل کے لئے اقدامات اٹھائیں اور اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کو متحد رکھیں۔ اجلاس میں سوست بارڈر کی بندش کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ سوست بارڈر کے بند ہونے سے جی بی کی تاجر برادری کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، تمام بارڈرز کھلے ہیں، کاروبار جاری ہے لیکن سوست بارڈر کو بند رکھنا بزنس کمیونٹی کو معاشی طور پر مفلوج کرنے کے مترادف ہے۔

اس سلسلے میں پیپلزپارٹی کی صوبائی قیادت نے مرکزی قیادت سے رابطہ کر کے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا ہے تاکہ بارڈر کے اس مسئلے کے فوری حل اور بارڈر کھولنے کے لئے مرکزی سطح پر اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ اجلاس میں صوبائی صدر نے اس بات سے آگاہ کیا کہ پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواست دہندگان کے ویڈیو لنک کے ذریعے انٹرویو ہونگے۔ انٹرویوز بلتستان ڈویژن سے شروع ہو کر دیامر ڈویژن اور پھر گلگت ڈویژن کے امیدواروں پر ختم ہونگے۔ اجلاس میں نیب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری کی پیشی کے موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے ان کے وکلاء اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو پولیس کے ذریعے روکنے اور جگہ جگہ مشکلات کھڑی کرنے کی مذمت کی گئی۔

اجلاس میں کہا گیاکہ آصف علی زرداری نے پہلے بھی سیاسی انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بن کر 11 سال قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں اور سرخرو ہوئے۔ اجلاس کے آخر میں سابق گورنر گلگت بلتستان پیر کرم علی شاہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور ان کی پارٹی کے لئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ پیر کرم علی شاہ کی وفات سے پارٹی ایک قدآور شخصیت سے محروم ہو گئی جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کے لئے ایک سرپرست کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیں۔ ان کے گلگت بلتستان میں سیاسی سماجی اور مذہبی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی ان کے دست شفقت سے محروم ہو گئی ہے، پسماندگان سے پیر صاحب کی ناگہانی موت پر تعزیت پیش کرتے ہیں۔ اجلاس میں انجینئر اسماعیل، محمد موسی، جمیل احمد، آفتاب حیدر، چیئرمین ابراہیم اور سعدیہ دانش نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 880972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش