0
Thursday 3 Sep 2020 11:49

گستاخانہ خاکے، وزیرِ خارجہ کی فرانسیسی میگزین کی مذمت

گستاخانہ خاکے، وزیرِ خارجہ کی فرانسیسی میگزین کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کی مذمت کی ہے۔ اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف ردِ عمل کے طور پر وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اہم ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی طرف سے اور حکومتِ پاکستان کی طرف سے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کی پر زور مذمت کرتا ہوں۔ شاہ محمود نے کہا ہے کہ فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کے شائع کردہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، لوگ مشتعل ہیں، اس بلاجواز حرکت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسلاموفوبیا، نسل پرستی اور زینو فوبیا کا رجحان دنیا میں بڑھتا چلا جا رہا ہے، پاکستان نے ہر عالمی فورم پر اس مسئلے کی نشاندہی کی ہے۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھی اس معاملے کی نشاندہی کی اور دنیا سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کا تدارک ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر، مل بیٹھ کر یہ سوچنا چاہیے کہ ایسے رجحانات کو کیسے روکا جائے جو دوسروں کے جذبات مجروح کرتے ہوں اور ان کے خلاف بند کیسے باندھا جائے؟ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے، جو آزادی اظہارِ رائے پر یقین رکھتا ہے، لیکن آزادیٔ اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کے ہاتھ دوسروں کی دل آزاری کا لائسنس آ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ عالمی برادری فی الفور اس مسئلے کا تدارک کرے گی اور ایسے رجحانات کی بیخ کنی کرے گی۔ وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان نے اس ضمن میں حکومتِ فرانس کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے، ہم نے اپنے جذبات حکومتِ فرانس تک ان کے سفیر کے ذریعے پہنچا دیئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں توقع کرتا ہوں کہ ناصرف ایسی گستاخانہ حرکت نہ دہرائی جائے بلکہ جنہوں نے یہ حرکت کی ہے انہیں بھی کٹہرے میں لایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 883991
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش