0
Friday 25 Sep 2020 00:02

جی بی کو عبوری صوبہ بنانے کیساتھ بڑے معاشی پیکج کا اعلان بھی کرینگے، عمران خان

جی بی کو عبوری صوبہ بنانے کیساتھ بڑے معاشی پیکج کا اعلان بھی کرینگے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جی بی میں آئینی اصلاحات، عام انتخابات اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ گورنر جی بی کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی امنگوں کے مطابق جی بی کو پاکستان کا پانچواں عبوری آئینی صوبہ بنایا جائے گا۔ جی بی کو آئینی اصلاحات کے ساتھ خصوصی معاشی پیکج کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ وزیراعظم پاکستاں نے گورنر گلگت بلتستان کو یقین دلایا کہ جی بی میں شفاف انتخابات کرانے کے لیے وفاقی حکومت نگران حکومت کی بھرپور معاونت کرے گی اور جی بی کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے وفاقی حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جی بی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو فنڈز بغیر تعطل مہیا کئے جائیں گے۔ جگلوٹ سکردو روڈ کی تکمیل اور دیگر منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ میڈیکل یونیورسٹی اور انجینئرنگ یونیورسٹی کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ ہنزل، غواڑی، عطاآباد اور شتونگ نالہ پاور پروجیکٹ جیسے اہم منصوبوں پر فوری کام شروع کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کو مزید اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ جی بی سیاحت میں دنیا بھر میں مشہور ہے۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے بین الاقوامی سطح کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سپیشل گرانٹ دے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جی بی سے مجھے دلی لگاو ہے اور جی بی کے بیشتر علاقوں کا نجی دورہ بھی کیا ہے اور بہت جلد گلگت بلتستان کا تفصیلی دورہ کرونگا۔
خبر کا کوڈ : 888229
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش