0
Wednesday 28 Oct 2020 21:49

دہشتگردوں اور انکے سہولتکاروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، آرمی چیف

ہم آنیوالی نسلوں کو ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان دینے کیلئے کوشاں ہیں
دہشتگردوں اور انکے سہولتکاروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، آرمی چیف
اسلام ٹائمز۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ اسوقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جب تک ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک نہ پہنچائیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپر دیر مالاکنڈ ڈویژن کا دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو استحکام آپریشنز اور بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سنگلاخ اور دشوار گزار علاقے میں بارڈر فینسنگ پر فوجی دستوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت اور بارڈر مینجمنٹ سسٹم پاکستان کے امن کے عزم کی حقیقی عکاس ہیں۔ انہوں نے جوانوں کو علاقے میں امن کے قیام کیلئے کی گئی کوششوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور شرپسند عناصر کی جانب سے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں چوکنا رہنے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں مدرسہ دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر افراد کی عیادت بھی کی اور اُن کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 16 دسمبر 2014ء کو اے پی ایس پشاور میں معصوم بچوں کو ٹارگٹ کیا گیا، 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر دشمن نے ایک بار پھر اپنی سیاہ تاریخ اور مذموم عزائم کو دوبارہ پروان چڑھانے کیلئے مدرسہ کے معصوم بچوں کو خون میں نہلا دیا، ان بچوں میں افغان مہاجرین کے بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک نہ پہنچائیں، کل بھی پوری قوم نے دہشت گردوں کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا اور ہم آج بھی متحد ہیں اور مل کر اس کا مقابلہ کریں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان دونوں نے پچھلی دو دہائیوں میں دہشت گردی کا سامنا کیا ہے، پاکستان نے افغان مہاجرین بھائیوں کیلئے اپنے دل اور دروازے کھول دیئے، ہم ہمیشہ افغان بھائیوں کے دُکھ اور سکھ میں شریک ہیں جبکہ افغانستان اور پاکستان کا امن ایک دوسرے سے جُڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ان کا نظریہ دہشت پھیلانا اور معاشرے میں خوف کی فضا پیدا کرنا ہے، مدرسے پر حملہ دراصل اسلام دشمنی ہے، مدرسہ، منبر، مساجد، امام بارگاہیں، گرجا گھر، مندر، تعلیمی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معصوم شہری ان کا نشانہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور اس کیلئے بھرپور تعاون کرتا رہے گا، پاکستان میں موجود افغان مہاجرین بھائیوں کو بھی اس سلسلے میں ایسی دشمن قوتوں سے چوکنا اور دور رہنا ہوگا، تاکہ وہ دانستہ یا غیر دانستہ طور پر دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال نہ ہوسکیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک۔افغان بارڈر فینس امن کی باڑ ہے، یہ صرف دہشت گردوں کی بارڈر کے دونوں اطراف غیر قانونی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے بنائی گئی ہے، پاکستان اور افغانستان دونوں موجودہ حالات میں کسی بدامنی اور انتشار کے متحمل نہیں ہوسکتے، کیونکہ اس کے نتائج خطرناک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دل پہلے بھی ساتھ دھڑکتے تھے اور اب بھی ہم آپس میں جڑے ہوئے ہیں، یک جہتی اور اتحاد ہی وقت کی ضرورت ہے، ہم آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز پشاور میں مدرسہ جامعہ زبیریہ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں طلبہ سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 110 زخمی ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 894614
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش