0
Saturday 19 Dec 2020 23:02

 حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسی بوکھلاہٹ میں ایوان بالا کے الیکشن کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے، سراج الحق

 حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسی بوکھلاہٹ میں ایوان بالا کے الیکشن کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ریاست پر قبضہ گروپس اور مافیاز مسلط ہیں، اشرافیہ ملک کو نہیں بچا سکتا۔ ان کی اولادیں بیرون ملک رہتی ہیں اور یہ خود بھی ا پنی جیبوں میں گرین کارڈز لے کر گھوم رہے ہیں، حکمران طبقہ نے عوام کے ہاتھوں میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کی ہتھکڑیاں ڈالنے کے علاوہ ملک کے لیے کچھ نہیں کیا، پاکستان مسلمانان برصغیر کی امانت ہے اس امانت کی حفاظت کے لیے جدوجہد ہم سب پر لازم ہے، پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانے اور نظام مصطفے کے نفاذ کے لیے مل کر میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر آباد میں تحفظ ختم نبوت، ناموس اہل بیت  و عظمت صحابہ کانفرنس سے خطاب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علماو مشائخ رابطہ کونسل سندھ نے کانفرنس کا اہتمام کیا تھا، جس میں صوبہ بھر سے علما و مشائخ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی اسداللہ بھٹو، علماء مشائخ رابطہ کونسل پاکستان کے صدر میاں مقصود احمد، ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر اور علماء مشائخ رابطہ کونسل کے چیئرمین خواجہ معین الدین کوریجہ نے بھی خطاب کیا۔

امیر جماعت نے سینیٹ الیکشن تنازعہ سے متعلق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پھر دہرایا کہ اگر حکومت سینیٹ کے الیکشن قبل ازوقت کروانا چاہتی ہے تو قومی اسمبلی کے الیکشن بھی پہلے ہی کروا لیے جائیں، اصل مسئلہ یہ ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسی بوکھلاہٹ میں ایوان بالا کے الیکشن کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے، شو آف ہینڈز کے ذریعے الیکشن کرانے کا فی الحال تو یہی مطلب نکلتا ہے کہ حکومت کو اپنے اراکین اسمبلی پر اعتماد نہیں اور سمجھتی ہے کہ اس کے ایم پی ایز پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دیں گے، حکومت میں ہمت ہے تو قومی اسمبلی کے الیکشن بھی قبل از وقت کروانے کا اعلان کردے، انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ ملک پر ڈرگ، آٹا و چینی مافیا کی حکومت ہے اور عوام مہنگائی و غربت کی چکی میں پس رہے ہیں، ڈھائی سالوں سے جاری کنفیوژ پالیسیوں کی وجہ سے پہلے سے کمزور معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، ادارے تباہی کی جانب رو بہ سفر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 904827
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش